سندھ کے سرکاری اسکولوں میں چہرہ شناخت حاضری کا نظام 17 اگست سے شروع

جدید نظام کے ذریعے تدریسی عملے کے ساتھ نان ٹیچنگ اسٹاف کی حاضری بھی مانیٹر کی جائے گی

(فوٹو :اے آئی)

کراچی:

سندھ کے 6 اضلاع میں سرکاری اسکولوں میں فیشل ریکگنیشن اٹینڈنس مانیٹرنگ اینڈ ایویلیوایشن سسٹم (فریمز) کا باقاعدہ نفاذ 17 اگست سے شروع کیا جائے گا۔

محکمہ اسکول ایجوکیشن سندھ کی جانب سے سرکاری اسکولوں میں فریمز کے آغاز کے انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں اور پائلٹ مرحلے کے لیے صوبے کے ہر ڈویژن سے ایک ضلع منتخب کیا گیا ہے، جس میں تدریسی عملے کے ساتھ نان ٹیچنگ اسٹاف کی حاضری بھی مانیٹر کی جائے گی۔

پہلے مرحلے میں کراچی ایسٹ، حیدرآباد، نوشہروفیروز، جیکب آباد، گھوٹکی اور عمرکوٹ کے اضلاع شامل ہوں گے۔  ڈیجیٹل موبائل ایپلیکیشن کے ذریعے اساتذہ اور نان ٹیچنگ اسٹاف کی حاضری فیشل ریکگنیشن ٹیکنالوجی کے ذریعے مانیٹر کی جائے گی۔

صوبائی وزیر تعلیم سید سردار علی شاہ نے کہا ہے کہ فریمز کی شروعات پائلٹ اقدام کے طور پر 6 اضلاع سے کی جا رہی ہے۔ کامیاب پائلٹ مرحلے کے بعد FRAMES کو مرحلہ وار سندھ کے تمام اضلاع تک توسیع دی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ اس ایپلیکیشن کو یوزر فرینڈلی بنایا گیا ہے، جبکہ ممکنہ تکنیکی مسائل کی نگرانی، نشاندہی اور بروقت حل کے لیے بھی باقاعدہ میکنزم وضع کیا گیا ہے۔

سردار علی شاہ کا کہنا تھا کہ ایپلیکیشن صرف حاضری کا نظام نہیں بلکہ طلبہ کے اس حق کو یقینی بنانے کا ایک مؤثر ذریعہ ہے کہ انہیں اسکول میں اساتذہ کی دستیابی حاصل ہو۔ ابتدائی مرحلے میں 6 اضلاع کے 49,565 تدریسی اور نان ٹیچنگ عملے کی حاضری FRAMES کے ذریعے مانیٹر کی جائے گی۔

فریمز کے ذریعے حاضری لگانے کے لیے ہر استاد کے پاس ذاتی موبائل فون ہونا ضروری نہیں، استاد ہیڈ ماسٹر یا کسی ساتھی کے موبائل فون سے بھی اپنی حاضری لگا سکتا ہے۔ انٹرنیٹ کی عدم دستیابی کی صورت میں بھی حاضری درج کی جا سکے گی، جبکہ انٹرنیٹ دستیاب ہوتے ہی حاضری خودکار طور پر اپڈیٹ ہو جائے گی۔

حاضری کے لیے اسکول میں آنے اور جانے/ اِن اینڈ آؤٹ دونوں انٹریز/ داخلہ کرنا لازمی ہوگا۔

اساتذہ ایپلیکیشن کے ذریعے اپنی حاضری کا ریکارڈ خود بھی دیکھ سکیں گے اور ماہ کے اختتام پر حاضری کا ریکارڈ ڈاؤن لوڈ بھی کر سکیں گے۔ چھٹی کی صورت میں اساتذہ لیو ریکارڈ کی بنیاد پر دفتر کے چکر لگائے بغیر گھر سے ہی ایپلیکیشن کے ذریعے چھٹی کی درخواست جمع کرا سکیں گے، جس کی منظوری آن لائن دی جائے گی۔

ایپلیکیشن کے مؤثر استعمال کے لیے انتظامی افسران، اسکول سربراہان اور اساتذہ کی تربیت بھی مکمل کر لی گئی ہے، جبکہ اسکول سربراہان کو اساتذہ کی رہنمائی اور معاونت کے حوالے سے خصوصی تربیت فراہم کی گئی ہے۔

فریمز رجسٹریشن سے رہ جانے والے اساتذہ اور عملے کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ ڈائریکٹر جنرل مانیٹرنگ اینڈ ایوالوئشن آفیس سے رابطے میں آ کر حاضری نظام اپ ڈیٹ کروائیں۔ حاضری مانیٹرنگ ایپلیکیشن FRAMES ایپل اور انڈرائیڈ دونوں سسٹمز پر دستیاب ہے۔

Load Next Story