دیمک سے لکڑی بچانے کے گھریلو طریقے، یہ آسان نسخے آزمائیں
دیمک لکڑی کو اندر ہی اندر کھوکھلا کرکے فرنیچر، دروازوں، چوکھٹوں اور دیگر لکڑی کے سامان کو شدید نقصان پہنچا سکتی ہے۔ یہ کیڑے عموماً جھنڈ کی صورت میں رہتے ہیں اور لکڑی ہی ان کی بنیادی غذا ہوتی ہے، اس لیے گھر میں ان کی موجودگی کو نظر انداز کرنا نقصان دہ ثابت ہوسکتا ہے۔
گھر میں دیمک کی نشاندہی بعض واضح علامات سے کی جاسکتی ہے۔ لکڑی کا پھول جانا، فرنیچر یا لکڑی کے سامان کے اطراف مٹی کی تہہ نظر آنا اور ٹھوس لکڑی پر دستک دینے سے کھوکھلی آواز آنا اس بات کی علامت ہوسکتی ہے کہ دیمک اندر سے لکڑی کو کھا چکی ہے۔ دیمک کسی مخصوص موسم تک محدود نہیں ہوتی بلکہ سال کے کسی بھی حصے میں لکڑی کو متاثر کرسکتی ہے۔
اگر گھر میں دیمک کے آثار دکھائی دیں تو ماہرین سے رابطہ کرکے مناسب کیڑے مار دوا یا فیومیگیشن کرانا بہتر ہے۔ تاہم اگر کسی وجہ سے ایسی ادویات استعمال نہیں کرنا چاہتے تو بعض گھریلو طریقے بھی ابتدائی سطح پر دیمک کو قابو کرنے میں مدد دے سکتے ہیں۔
نمک کا محلول
نمک کا محلول دیمک کے خلاف ایک گھریلو طریقہ سمجھا جاتا ہے۔ اس کے لیے نمک اور نیم گرم پانی کو برابر مقدار میں ایک برتن میں ڈال کر اچھی طرح ملائیں، یہاں تک کہ نمک مکمل طور پر حل ہوجائے۔ تیار محلول کو سرنج کی مدد سے دیمک سے متاثرہ چوکھٹوں یا لکڑی کے حصوں میں ڈالیں اور چند دن تک روزانہ یہ عمل دہرائیں۔ تاہم یہ طریقہ شدید یا پھیلے ہوئے حملے میں مکمل خاتمے کی ضمانت نہیں دیتا۔
فرنیچر کو دھوپ میں رکھنا
اگر کسی فرنیچر میں دیمک لگ جائے تو اسے براہ راست دھوپ میں رکھنا بھی ایک طریقہ ہے۔ تیز دھوپ اور الٹرا وائلٹ شعاعیں دیمک کو متاثر کرسکتی ہیں اور کیڑے لکڑی سے باہر نکلنے پر مجبور ہوسکتے ہیں۔ متاثرہ فرنیچر کو ایسی جگہ رکھیں جہاں براہ راست دھوپ پڑتی ہو اور ممکن ہو تو اسے 3 سے 5 دن تک دھوپ میں رکھا جائے۔
نیم کا تیل
نیم کا تیل بھی دیمک کے خلاف استعمال کیا جاتا ہے۔ اس کا اثر نسبتاً آہستہ ظاہر ہوتا ہے، تاہم براہ راست دیمک یا متاثرہ جگہ پر لگانے سے اس کی افزائش کو روکنے میں مدد مل سکتی ہے۔ روئی کو نیم کے تیل میں بھگو کر متاثرہ فرنیچر، دروازوں اور کھڑکیوں کے حصوں پر لگایا جاسکتا ہے۔
سفید سرکے کا محلول
چھوٹے یا محدود حصے میں موجود دیمک کو سفید سرکے کے محلول سے بھی کنٹرول کرنے کی کوشش کی جاسکتی ہے۔ اس مقصد کے لیے آدھا کپ سفید سرکہ اور دو لیموں کا رس ملا کر اسپرے بوتل میں ڈالیں اور متاثرہ جگہ پر اسپرے کریں۔ یہ عمل چند دن تک روزانہ دو مرتبہ کیا جاسکتا ہے۔
واضح رہے کہ گھریلو طریقے ابتدائی یا محدود سطح کے حملے میں مددگار ہوسکتے ہیں، لیکن اگر دیمک بڑے پیمانے پر لکڑی کو نقصان پہنچا رہی ہو تو صرف ان نسخوں پر انحصار کرنے کے بجائے ماہرین سے پیشہ ورانہ ٹریٹمنٹ کرانا زیادہ مؤثر ہوگا۔