کچن میں لال بیگوں کی یلغار سے نجات، چند آسان گھریلو طریقے آزمائیں

کچن، الماریوں اور دیگر تاریک و نم جگہوں میں کاکروچ کی موجودگی تیزی سے بڑھ سکتی ہے

کچن میں اچانک لال بیگوں کی موجودگی نہ صرف ناگوار محسوس ہوتی ہے بلکہ ان کی تیز رفتار افزائش کے باعث مسئلہ بہت جلد پورے گھر تک پھیل سکتا ہے۔ یہ کیڑے مشکل حالات میں بھی زندہ رہنے کی صلاحیت رکھتے ہیں اور ایک مرتبہ گھر میں جگہ بنا لیں تو ان سے چھٹکارا پانا آسان نہیں ہوتا۔

لال بیگ کے بارے میں بتایا جاتا ہے کہ یہ پانی کے بغیر کئی ماہ تک زندہ رہ سکتے ہیں، جبکہ ہوا کے بغیر بھی تقریباً 45 منٹ تک زندہ رہنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ کچن، الماریوں اور دیگر تاریک و نم جگہوں میں ان کی موجودگی تیزی سے بڑھ سکتی ہے۔

ان کیڑوں سے متعلق ایک اہم تشویش بچوں میں دمے کے حوالے سے بھی سامنے آتی ہے۔ لال بیگ کے جسم سے جھڑنے والے ذرات اور باقیات ہوا میں شامل ہوکر خاص طور پر بچوں میں الرجی اور دمے کی علامات کو متاثر کرسکتے ہیں، جبکہ پہلے سے دمے کا شکار افراد کے لیے بھی یہ مسئلہ تکلیف میں اضافہ کرسکتا ہے۔

مارکیٹ میں لال بیگوں کے خاتمے کے لیے مختلف ادویات اور اسپرے دستیاب ہیں، تاہم بعض لوگ ابتدائی سطح پر گھریلو طریقے بھی آزماتے ہیں۔ ان میں بورک ایسڈ اور چینی کا امتزاج قابل ذکر ہے۔ چینی لال بیگوں کو اپنی طرف متوجہ کرتی ہے، جبکہ بورک ایسڈ ان کے خاتمے میں مددگار سمجھا جاتا ہے۔ دونوں اجزا کو ملا کر ان مقامات پر رکھا جاسکتا ہے جہاں لال بیگ زیادہ دکھائی دیتے ہوں، تاہم بورک ایسڈ کو بچوں اور پالتو جانوروں سے دور رکھنا ضروری ہے۔

دارچینی بھی لال بیگوں کو دور رکھنے کے لیے روایتی گھریلو طریقوں میں شامل ہے۔ دارچینی کا سفوف کچن میں ان جگہوں پر رکھا یا بکھیر دیا جاتا ہے جہاں یہ کیڑے زیادہ نظر آتے ہیں، تاہم اسے مکمل خاتمے کے بجائے ایک معاون طریقے کے طور پر ہی دیکھنا چاہیے۔

اسی طرح پودینے کے تیل یا لیونڈر آئل کی خوشبو بھی لال بیگوں کو ناپسند ہونے کے باعث بعض گھریلو تدابیر میں استعمال کی جاتی ہے۔ ان تیلوں کو مناسب طریقے سے کچن یا کیبنٹس کے متاثرہ حصوں میں اسپرے کیا جاسکتا ہے۔

تاہم اگر گھر میں لال بیگوں کی تعداد زیادہ ہو یا بار بار نظر آ رہے ہوں تو صرف گھریلو ٹوٹکوں پر انحصار کرنے کے بجائے صفائی، خوراک کو محفوظ رکھنے، پانی یا نمی کے ذرائع ختم کرنے اور ضرورت پڑنے پر ماہر پیسٹ کنٹرول کی مدد لینا زیادہ مؤثر ثابت ہوسکتا ہے۔

Load Next Story