کےٹو ایئرویز کارگو طیارے کی انشورنس پالیسی مبینہ طور پر حادثے سے قبل ختم ہونے کا انکشاف

سی اے اے حکام نےبتایا کہ تمام ریکارڈ تحقیقاتی بورڈ کے پاس ہے اس لیے انشورنس سے متعلق کوئی مؤقف نہیں دیا جاسکتا

فوٹو فائل

گوادر کے قریب گہرے سمندر میں گر کر تباہ ہونے والے کےٹو ائیرویزکے کارگو طیارے کی انشورنس پالیسی مبینہ طور پر حادثے سے پہلے ختم ہونے کا انکشاف ہوا ہے، بدقسمت طیارے کو 24 جون 2025کو جاری کیا گیا انشورنس سرٹیفکیٹ ایک سال کے لیےکارآمد تھا۔

ذرائع کے مطابق گوادر میں 7 جولائی کو گرنے والے کےٹو ایئرویزکے کارگو طیارے کی انشورنس کے متعلق ایک دستاویز منظرعام پر آئی ہے، جس میں گرنے والے بدقسمت طیارے کی انشورنس حادثے سے لگ بھگ 13 روز قبل 24 جون 2026 کو ختم ہوچکی تھی۔

ذرائع نے بتایا کہ انشورنس سرٹیفکیٹ 24 جون 2025 کو جاری کیا گیا تھا، جو اگلے ایک سال کےلیے کارآمد تھا، دستاویز کے مطابق انشورنس کوریج سے متعلق کےٹو ائیرویز آل ہل رسک انشورنس 100 فیصد درج تھی، طیارے کی لائبیلیٹی کوریج، اسپیئرز، انجن، ہائی جیکنگ سمیت دیگر کوریج بھی 100 فیصد درج تھی۔

مزید بتایا گیا کہ انشورنس دستاویزکے تحت مخصوص علاقوں کو چھوڑ کر طیارہ دنیا بھر میں بیمہ شدہ تھا، مذکورہ صورت حال کے بعد یہ سوالات پیدا ہوئےکہ سول ایوی ایشن اتھارٹی نے بغیر انشورنس کی تجدید جہاز کو کیسے ائیروردی قراردیا اور ختم شدہ انشورنس میں ہوابازی کے قوانین کی کس شق کے تحت جہاز کو اڑان کی اجازت ملی۔

سی اے اے حکام نے رجوع کرنے پر بتایا کہ ائیرلائن کو جاری کردہ ائیر آپریٹر سرٹیفکیٹ سی اے اے کےپاس ہے تاہم تمام ریکارڈ تحقیقاتی بورڈ کے پاس ہونے کے باعث انشورنس سے متعلق کوئی مؤقف نہیں دیا جاسکتا۔

واضح رہے کہ کے ٹو ایئرویز طیارہ حادثے کی تفتیش تاحال جاری ہے۔

Load Next Story