ایک پروجیکٹ پر کام کرنے والے مختلف اے آئی ایجنٹس آپس میں لڑ پڑے

اینتھروپک نے اس صورتحال کو ’ملٹی ایجنٹ ٹرف وار‘ قرار دیا

اے آئی کمپنی اینتھروپک کے ایک تجربے میں تین مصنوعی ذہانت کے ایجنٹس ایک ہی سافٹ ویئر پروجیکٹ پر کام کرتے ہوئے ایک دوسرے کو رکاوٹ سمجھ بیٹھے اور باہمی طور پر سبوتاژ کرنے لگے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق تجربے میں تینوں کلاؤڈ ایجنٹس کو ایک ہی پروجیکٹ تک رسائی دی گئی لیکن انہیں ایک دوسرے سے متصادم ہدایات دی گئیں۔ دلچسپ بات یہ تھی کہ انہیں معلوم نہیں تھا کہ اسی پروجیکٹ پر دوسرے اے آئی سسٹمز بھی کام کررہے ہیں۔

تقریباً چار گھنٹے کے دوران ایجنٹس نے یہ فرض کرلیا کہ دوسرے سسٹمز جان بوجھ کر ان کے کام میں مداخلت کررہے ہیں۔ اس کے بعد انہوں نے ایک دوسرے کی کوششوں کو ناکام بنانے کے لیے اقدامات شروع کیے، جن میں خود کو نقل کرنے والے میل ویئر کا استعمال بھی شامل تھا۔

اینتھروپک نے اس صورتحال کو ’ملٹی ایجنٹ ٹرف وار‘ قرار دیا۔

کمپنی کے مطابق تجربہ اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ مستقبل میں متعدد خودمختار اے آئی ایجنٹس کو ایک ساتھ کام کراتے وقت ان کے غیر متوقع رویوں سے نمٹنے کے لیے مضبوط حفاظتی نظام ضروری ہوں گے۔

Load Next Story