اسپین کے مشہور شہر غرناطہ میں 5.0 شدت کا زلزلہ، تاریخی الحمرا محل محفوظ رہا
غرناطہ: اسپین کے مشہور سیاحتی شہر غرناطہ میں ہفتے کی رات 5.0 شدت کا زلزلہ آیا، جس کے باعث شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا اور بعض عمارتوں کو نقصان پہنچا۔ حکام کے مطابق زلزلے کے نتیجے میں کوئی شخص ہلاک یا شدید زخمی نہیں ہوا۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق زلزلہ ہفتے کی رات ایک بجے کے کچھ دیر بعد آیا۔ اسپین کے نیشنل جیوگرافیکل انسٹی ٹیوٹ کے مطابق زلزلے کا مرکز غرناطہ سے تقریباً 10 کلومیٹر جنوب میں واقع قصبے الہینڈن کے قریب تھا۔
زلزلے کے جھٹکے رات کے وقت محسوس کیے گئے جس سے مقامی شہری گھبرا کر گھروں سے باہر نکل آئے۔ زلزلے کے بعد متعدد علاقوں میں عمارتوں کا جائزہ لینے اور ممکنہ نقصان کا اندازہ لگانے کے لیے امدادی کارروائیاں شروع کردی گئیں۔
اندلس کی ایمرجنسی سروسز کے مطابق زلزلے کے باعث بعض عمارتوں میں دراڑیں پڑیں، جبکہ کچھ مقامات پر چھجے، دیواروں کے حصے اور ملبہ گرنے کی اطلاعات موصول ہوئیں۔
اندلس کے ہنگامی امور کے اعلیٰ عہدیدار انتونیو سانز کے مطابق فائر سروس کو تقریباً 300 ہنگامی کالز موصول ہوئیں، جبکہ امدادی ٹیموں نے غرناطہ شہر اور اس کے مضافاتی علاقوں میں 85 کارروائیاں کیں۔
حکام نے واضح کیا ہے کہ زلزلے سے کسی بڑے یا سنگین نوعیت کے ساختی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ کسی جانی نقصان کی بھی تصدیق نہیں ہوئی۔
غرناطہ کے تاریخی مقام الحمرا محل کے حوالے سے بھی حکام نے اطمینان بخش خبر دی ہے۔ الحمرا محل قرون وسطیٰ کے اسلامی فن تعمیر کا عالمی شہرت یافتہ شاہکار اور یونیسکو کے عالمی ثقافتی ورثے میں شامل ہے۔ حکام کے مطابق زلزلے سے الحمرا محل کو کسی قسم کا نقصان نہیں پہنچا۔
الحمرا محل غرناطہ کی سب سے اہم تاریخی اور سیاحتی شناختوں میں شمار ہوتا ہے اور یہ اسپین میں مسلم دور حکومت کی اہم یادگاروں میں سے ایک ہے۔ اسی وجہ سے زلزلے کے بعد تاریخی عمارتوں کی سلامتی کے حوالے سے بھی خصوصی توجہ دی گئی۔