پولیس ٹارگٹ کلنگ: ڈرون کے ذریعے ملزمان کی نشاندہی، ایک ملزم کا کریمنل ریکارڈ سامنے آگیا

سرویلنس کے لیے اڑائے گئے ڈرون کیمرے نے راوی ریان کے ایک مکان میں ملزمان کی موجودگی کی نشاندہی کی

لاہور میں پولیس کی ٹارگٹ کلنگ کے واقعے میں پولیس اہلکاروں کو ٹارگٹ کرکے شہید کرنے والے ملزم طارق کا کریمنل ریکارڈ سامنے آگیا۔

پولیس ریکارڈ کے مطابق ملزم طارق ایک مقدمے میں مدعی اور ایک مقدمے میں ملزم ہے۔

پولیس ریکارڈ کے مطابق 2023 میں ملزم طارق نے راولپنڈی کے تھانہ بنی میں مقدمہ درج کروایا، جبکہ سال 2026 میں ملزم طارق کے خلاف غیر قانونی اسلحہ رکھنے کا مقدمہ تھانہ راوی روڈ میں درج ہوا۔ پولیس ذرائع کے مطابق ملزم طارق کے قبضے سے 30 بور پستول اور 5 گولیاں برآمد ہوئی تھیں۔

پولیس ریکارڈ کے مطابق ملزم طارق کو عدالت میں پیش کرکے چالان بھی کروایا گیا تھا۔

لاہور میں پولیس اہلکاروں کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کے معاملے میں شیخوپورہ کے علاقے سے ملزم ریحان اور اس کے والد فیاض بٹ کی گرفتاری سے متعلق مزید حقائق سامنے آگئے۔ تفتیشی ذرائع کے مطابق پولیس نے سرویلنس ڈرون کیمرے کے ذریعے ملزمان کی نشاندہی کی۔

تفتیشی ذرائع کے مطابق سرویلنس کے لیے اڑائے گئے ڈرون کیمرے نے راوی ریان کے ایک مکان میں ملزمان کی موجودگی کی نشاندہی کی، ملزمان نے ڈرون کیمرے سے خوفزدہ ہوکر ڈرون کیمرے پر فائرنگ بھی کی۔ ملزمان کی جانب سے ڈرون کیمرے پر فائرنگ کے بعد پولیس نے مکان کو گھیرے میں لے لیا۔

تفتیشی ذرائع کا کہنا ہے کہ کسی ہائی ویلیو آپریشنز میں ڈرون کیمرے کا استعمال لاہور پولیس کے لیے کامیاب تجربہ رہا۔

Load Next Story