ہنگری میں پولینڈ کی بس خوفناک حادثے کا شکار، 12 افراد جاں بحق، 10 زخمی

حادثے کے بعد ہنگری کی پولیس، فائر فائٹرز اور امدادی اداروں نے جائے وقوعہ پر کارروائیاں مکمل کیں

بوڈاپسٹ: ہنگری میں پولینڈ کی سیاحوں کو لے جانے والی ایک بس رات گئے موٹروے پر حادثے کا شکار ہوگئی، جس کے نتیجے میں 12 افراد ہلاک اور کم از کم 10 زخمی ہوگئے۔

خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق حادثہ اتوار کی صبح مشرقی ہنگری کے علاقے میں واقع قصبے میزُوکیرِشٹیش کے قریب پیش آیا۔ پولیس کے مطابق پولینڈ میں رجسٹرڈ بس ایم تھری موٹروے پر شہر نیرِیگ ہازا کی جانب جارہی تھی کہ اچانک سڑک سے اتر کر ایک گڑھے میں جاگری اور الٹ گئی۔

ہنگری کے وزیراعظم پیٹر میگیار نے سوشل میڈیا پر حادثے میں 12 افراد کی ہلاکت اور کم از کم 10 افراد کے زخمی ہونے کی تصدیق کی۔ زخمیوں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

ہنگری کی پولیس کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ بس کا ڈرائیور دورانِ سفر سو گیا تھا، جس کے باعث گاڑی سیدھی سڑک سے نکل کر سڑک کے کنارے موجود گڑھے میں جاگری اور الٹ گئی۔ تاہم حادثے کی حتمی وجہ جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔

ہنگری کی سرکاری خبر رساں ایجنسی ایم ٹی آئی کے مطابق بس میں 57 مسافر اور دو ڈرائیور سوار تھے۔ حادثے کے بعد امدادی کارکنوں نے بس سے مسافروں کو نکالنے اور زخمیوں کو طبی امداد فراہم کرنے کے لیے فوری کارروائیاں شروع کردیں۔

حادثے کی منظرعام پر آنے والی تصاویر میں سرخ رنگ کی بس موٹروے کے کنارے ایک گڑھے میں الٹی ہوئی دکھائی دیتی ہے۔ بس کی کھڑکیاں ٹوٹ چکی تھیں جبکہ مسافروں کا سامان اور سوٹ کیس بھی جائے حادثہ پر بکھرے ہوئے نظر آئے۔

پولیس نے بتایا کہ حادثے میں 12 افراد جان کی بازی ہار گئے، جبکہ متعدد دیگر زخمی ہوئے۔ پولیس نے بس کے ڈرائیور کو حراست میں لے لیا ہے اور حادثے کے اسباب کی تحقیقات کی جارہی ہیں۔

پولینڈ کے صدر کارول ناوروتسکی نے حادثے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہیں ہنگری میں پولش بس کے المناک حادثے میں بڑی تعداد میں اپنے ہم وطنوں کی ہلاکت کی خبر انتہائی افسوس کے ساتھ ملی۔

پولش وزارت خارجہ کے مطابق حادثے کے حوالے سے تصدیق شدہ معلومات فراہم کی جائیں گی اور متاثرہ افراد اور ان کے اہل خانہ کی مدد کے لیے قونصلر حکام اپنا کردار ادا کررہے ہیں۔

حادثے کے بعد ہنگری کی پولیس، فائر فائٹرز اور امدادی اداروں نے جائے وقوعہ پر کارروائیاں مکمل کیں، جبکہ زخمیوں کو مختلف اسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔ حادثے کی مزید تحقیقات جاری ہیں تاکہ یہ معلوم کیا جاسکے کہ بس سڑک سے کس وجہ سے بے قابو ہوکر نکلی۔

Load Next Story