لاس ویگاس: ہزاروں روبو ٹیکسیوں کی خواہشمند ٹیسلا کو صرف 10 ٹیکسیاں چلانے کی اجازت

نیواڈا ٹرانسپورٹیشن اتھارٹی نے ٹیسلا کو 5000 کے بجائے صرف 10 روبوٹیکسیوں آپریشن کی اجازت دی گئی

(تصویر: رائٹرز)

خود کار گاڑیاں بنانے والی کمپنی ٹیسلا کے لاس ویگاس میں ہزاروں ڈرائیور لیس ٹیکسیوں کے آپریشن کی خواہش پر پانی پھر گیا۔ نیواڈا ٹرانسپورٹیشن اتھارٹی نے ٹیسلا کو 5000 کے بجائے صرف 10 روبوٹیکسیوں آپریشن کی اجازت دی گئی۔

رپورٹ کے مطابق 27 جولائی کو دی گئی منظوری کے تحت ٹیسلا کی روبوٹیکسیوں کو فی الحال صرف لاس ویگاس اسٹرپ کوریڈور تک محدود رکھا گیا ہے جبکہ گاڑیوں کی زیادہ سے زیادہ رفتار 72 کلو میٹر فی گھنٹہ مقرر کی گئی ہے۔

ٹیسلا کو ہیری ریڈ انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے مسافروں کو پک کرنے کی بھی اجازت نہیں دی گئی حالانکہ ایئرپورٹ کمپنی کی اصل درخواست میں شامل تھا۔

ریگولیٹرز نے واضح کیا کہ ٹیسلا اپنے روبوٹیکسی بیڑے یا آپریشن کے علاقے میں کسی بھی توسیع کے لیے دوبارہ ریاستی منظوری حاصل کرے گی۔ گاڑیوں پر واضح طور پر ’روبو ٹیکسی‘ لکھنا بھی لازمی قرار دیا گیا ہے جبکہ مسافروں کو سفر سے قبل یہ بتانا ہوگا کہ وہ ڈرائیور کے بغیر چلنے والی گاڑی میں سوار ہو رہے ہیں۔

منظوری کی ایک اہم شرط یہ بھی ہے کہ سفر کے دوران گاڑیوں کے لیے ’مناسب انسانی نگرانی‘ موجود ہو۔ تاہم، یہ واضح نہیں کیا گیا کہ انسانی نگرانی کے لیے گاڑی کے اندر سیفٹی ڈرائیور موجود ہوگا یا دور بیٹھ کر ریموٹ مانیٹرنگ کی جائے گی۔

دلچسپ امر یہ ہے کہ ریگولیٹری منظوری کی دستاویز میں یہ وضاحت نہیں کی گئی کہ ٹیسلا کی جانب سے درخواست کردہ ہزاروں گاڑیوں کے مقابلے میں بیڑے کو صرف 10 روبوٹیکسیوں تک کیوں محدود کیا گیا۔

Load Next Story