گوگل کی اپنے امیج جنریشن ٹول میں بڑی تبدیلی!
ٹیکنالوجی کمپنی گوگل نے اپنے جدید نینو بنانا امیج جنریشن ٹول میں ایک اہم تبدیلی کرتے ہوئے صارفین کو تصاویر پر نظر آنے والے واٹرمارک کو ہٹانے کا اختیار دے دیا ہے۔
نینو بنانا کی تیار کردہ تصاویر کے نیچے دائیں جانب نمایاں واٹرمارک کی موجودگی بعض صارفین کے لیے ناپسندیدگی کا باعث بن رہی تھی۔
اب گوگل نے جیمینائی اور فلو میں نئی سیٹنگ متعارف کرائی ہے جس کے ذریعے صارفین اپنی تیار کردہ تصاویر سے اس نمایاں واٹرمارک کو ہٹا سکیں گے۔ یہی سہولت جلد گوگل سرچ کے اے آئی موڈ میں بھی دستیاب ہوگی۔
یہ آپشن صرف تصاویر تک محدود نہیں رہے گا۔ گوگل کے مطابق جیمینائی اومنی سے تیار ہونے والی ویڈیوز اور لائرا سے تخلیق کیے گئے گانوں سے بھی نظر آنے والے واٹرمارکس ہٹائے جا سکیں گے۔
✅ Papercut fixed: You can now toggle visible watermarks on or off in Gemini and Flow, with Search coming next.
— Josh Woodward (@joshwoodward) August 14, 2026
This applies to watermarks on all images (Nano Banana), videos (Omni), and songs (Lyria) except in countries where it’s required by law to keep them. pic.twitter.com/utHN0yDmD3
تاہم، اس سہولت میں ایک اہم استثنا بھی ہے۔ ان ممالک میں جہاں قانون کے تحت واٹرمارک برقرار رکھنا ضروری ہے، وہاں صارفین اسے ہٹانے کے قابل نہیں ہوں گے۔
گوگل نے واضح کیا ہے کہ نمایاں واٹرمارک کو اختیاری بنانے کے باوجود اس کا Invisible SynthID watermark ختم نہیں ہوگا۔ اسی طرح سی 2 پی اے میٹا ڈیٹا بھی برقرار رہے گا، جس کا مقصد مصنوعی ذہانت سے تیار کیے گئے مواد کی شناخت اور اس کی اصلیت سے متعلق معلومات فراہم کرنا ہے۔
اس کا مطلب یہ ہے کہ اگرچہ صارفین کو تصویر پر نظر آنے والا واٹرمارک دکھائی نہیں دے گا پھر بھی جیمینائی سے یہ معلوم کیا جا سکے گا کہ کوئی تصویر اے آئی سے تیار کی گئی ہے یا نہیں۔ اگر تصویر اے آئی-جنیریٹڈ ہوئی تو جیمینائی اس کی نشاندہی کر سکے گا۔