کراچی میں مبینہ پولیس مقابلے: 5 زخمی ڈاکوؤں سمیت 6 ملزمان گرفتار، بھاری مالِ مسروقہ برآمد
کراچی میں تیموریہ، لیاقت آباد اور منگھوپیر پولیس نے مختلف مبینہ مقابلوں کے دوران 5 زخمی سمیت 6 ڈاکوؤں کو گرفتار کر کے اسلحہ، موبائل فونز، نقد رقم اور موٹر سائیکلیں برآمد کر لیں۔
تیموریہ پولیس کے مطابق بفرزون نمک بینک کے قریب مبینہ مقابلے کے بعد ایک ڈاکو کو زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا، جس کی شناخت 30 سالہ اویس ولد خادم کے نام سے ہوئی۔ اس کے قبضے سے پستول، گولیاں، دو موبائل فونز، نقد رقم اور موٹر سائیکل برآمد ہوئی۔
دوسری جانب لیاقت آباد پولیس نے سندھی ہوٹل ندی کے کنارے مبینہ مقابلے کے بعد 3 ڈاکوؤں کو زخمی حالت میں گرفتار کیا۔ ملزمان کی شناخت 28 سالہ نقاش، 24 سالہ جنید اور 32 سالہ طاہر کے ناموں سے ہوئی جن کے قبضے سے 3 پستول، گولیاں، موبائل فونز، نقد رقم اور موٹر سائیکل برآمد کی گئی۔
اسی طرح منگھوپیر پولیس نے اجتماع گاہ پرانا شنواری ہوٹل کے قریب مبینہ مقابلے کے بعد 2 ملزمان کو گرفتار کیا، جن میں سے ایک زخمی تھا۔ زخمی ملزم کی شناخت جمشید علی جبکہ دوسرے کی اختر زمان کے نام سے ہوئی۔ دونوں کے قبضے سے 2 پستول، گولیاں، موبائل فونز، نقد رقم اور موٹر سائیکل برآمد کی گئی۔
زخمی ملزمان کو طبی امداد کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کر دیا گیا جبکہ پولیس نے مزید قانونی کارروائی شروع کر دی ہے۔