ٹیکس ریلیف کے باوجود تنخواہ دار طبقے سے جولائی میں 2 ارب روپے اضافی ٹیکس وصول

گزشتہ مالی سال کی نسبت تنخواہ دار طبقے نے جولائی 2026 میں 2 ارب روپے زائد انکم ٹیکس دیا

اسلام آباد:

وفاقی حکومت کی جانب سے بجٹ میں تنخواہ دار طبقے کو ٹیکس میں ریلیف دینے کے باوجود رواں مالی سال کے پہلے ماہ (جولائی 2026) میں پچھلے مالی سال کے مقابلے میں تنخواہ دار طبقے سے دو ارب روپے زیادہ ٹیکس وصولی ہوئی ہے۔

فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) حکام کے مطابق جولائی 2026 میں تنخواہ دار طبقے سے 44 ارب روپے انکم ٹیکس وصول کیا گیا ہے۔

گزشتہ مالی سال کی نسبت تنخواہ دار طبقے نے جولائی 2026 میں 2 ارب روپے زائد انکم ٹیکس دیا۔ گزشتہ سال جولائی میں تنخواہ دار طبقے سے 42 ارب روپے ٹیکس جمع ہوا تھا جبکہ جولائی 2024 میں تنخواہ دار طبقے سے تقریباً 30 ارب روپے ٹیکس وصول کیا گیا تھا۔

اسی طرح گزشتہ ماہ جائیداد کی خرید و فروخت پر 15.5 ارب روپے ایڈوانس انکم ٹیکس وصول ہوا، جولائی 2026 میں جائیداد کے تقریباً 90 ہزار لین دین ریکارڈ کیے گئے۔

جولائی 2025 میں جائیداد کے 60 ہزار لین دین ریکارڈ ہوئے تھے، ایک سال میں جائیداد کے لین دین میں 50 فیصد اضافہ ہوا۔

Load Next Story