جن کے صوبے میں ایک سڑک پر 8 ارب کی کرپشن ہو وہ ہم سے سوال پوچھیں گے؟ عظمی بخاری

جو تھر میں بچوں کو صاف پانی نہیں دے سکے،جہاں انسان و جانور اکٹھا پانی پئیں انہیں پنجاب میں صاف پانی کا درد اٹھ رہا ہے

لاہور:

وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ کسی کو سندھ سے کوئی مخالفت نہیں ہے، اگر کسی کو کارکردگی طعنے کی طرح لگتی ہے تو کارکردگی پر بات تو ہوگی، بغیر کسی ثبوت کے کرپشن کے الزامات لگانے والے کو عدالتوں میں بھی لے جایا جا سکتا ہے۔

اپنے بیان میں انہوں ںے کہا کہ جن کے صوبے میں ایک سڑک پر 8 ارب کی کرپشن ہو جاتی ہے وہ ہم سے سوال پوچھیں گے؟ جن کی اپنی سندھ حکومت میں الیکٹرک پنکھوں سے لے کر پورے پورے امتحانی سینٹر بک جاتے، وہ ہم سے سوال کریں گے؟ جن کے یہاں ’’ششٹم‘‘ کا مطلب کیا ہوتا، وہ ہم سے سوال کریں گے؟

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ اسکینڈل سندھ میں ہوتے ہیں، پنجاب میں نہیں، پنجاب میں کوئی بے ضابطگی ہوتی ہے تو چیف منسٹر اور ان کی ٹیم خود سامنے لاتی ہے، لوگوں کو بچاتے نہیں ہیں۔

وزیر اطلاعات پنجاب نے کہا کہ الحمدللہ پنجاب میں صاف پانی کی فراہمی کا سلسلہ جاری ہے آج بھی مریم نواز نے مسلسل پانچویں میٹنگ کی ہے، پنجاب میں دور دراز لوگوں کو گھر گھر ہزاروں لیٹر مفت پانی کی بوتلیں پہنچائی جارہی ہیں جو تھر میں بچوں کو صاف پانی نہیں دے پاتے، جہاں انسان اور جانور اکٹھے پانی پیتے ہیں، ان کو پنجاب میں صاف پانی کا درد اٹھ رہا ہے، ویسے کیا کمال لوگ ہیں۔

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ مریم نواز نے پنجاب کو ٹینکر مافیا کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑا۔
 

Load Next Story