بھارت میں جین زی کی سرکاری ملازمتوں کے امتحان میں بدعنوانی کیخلاف بھوک ہڑتال

حکومت نے طلبا کے مطالبے پر 14ویں جھارکھنڈ پبلک سروس کمیشن کے امتحان منسوخ کرنے کا اعلان کردیا

بھارت میں طلبا بھوک ہڑتال پر بیٹھ گئے

بھارتی ریاست جھارکھنڈ میں سرکاری ملازمتوں کے امتحانات میں مبینہ بے ضابطگیوں کے خلاف طلبا اور ملازمت کے امیدواروں کا احتجاج 24ویں روز بھی جاری رہا۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق احتجاجی کیمپوں میں متعدد طلبا اور امیدوار بھوک ہڑتال پر بھی بیٹھے ہوئے جن کا مطالبہ تھا کہ 14ویں جھارکھنڈ پبلک سروس کمیشن کا امتحان منسوخ کیا جائے۔

جھاڑ کھنڈ کی ریاستی حکومت کے نمائندوں نے آج مظاہرین کی قیادت کرنے والے رہنماؤں سے ملاقات کی اور 14ویں جھارکھنڈ پبلک سروس کمیشن کے امتحان منسوخ کرنے کا اعلان کیا۔

یاد رہے کہ مظاہرین کا الزام ہے کہ ریاست میں سرکاری بھرتیوں کے مختلف امتحانات میں بے مالی ضابطگیاں، بدعنوانی اور شفافیت کی کمی رہی ہے جس سے میرٹ پر آنے والے امیدواروں کے مستقبل کو نقصان پہنچا ہے۔

وزیراعلیٰ ہیمنت سورین کی زیر صدارت کابینہ کا اجلاس پیر کو ہوا جس کے بعد حکومت اور احتجاجی طلبا کے درمیان مذاکرات کی نئی کوشش کی گئی۔

یہ حکومت اور مظاہرین کے درمیان مذاکرات کا تقریباً ساتواں دور ہے تاہم اس سے قبل ہونے والی بات چیت کسی حتمی اتفاق رائے تک نہیں پہنچ سکی تھی۔

مظاہرین کی جانب سے مذاکرات میں 11 رکنی وفد شریک ہوا جس میں طلبا رہنماؤں کے ساتھ ایک قانونی مشیر بھی شامل تھا۔

طلبا کا کہنا ہے کہ وہ مذاکرات کے ذریعے مسئلہ حل کرنا چاہتے ہیں تاہم ان کے بنیادی مطالبات پر کوئی سمجھوتا نہیں کیا جائے گا۔

طلبا کے اہم مطالبات کیا ہیں؟

احتجاج کرنے والے طلبا کا بنیادی مطالبہ ریاست میں حالیہ برسوں کے دوران ہونے والے بھرتی امتحانات میں مبینہ بے ضابطگیوں کی مرکزی تحقیقاتی ادارے سی بی آئی سے تحقیقات کرانا ہے۔

مظاہرین خاص طور پر سرکاری ملازمتوں کے لیے امتحان کے نظام میں جامع اصلاحات، شفاف بھرتی کا طریقہ کار وضع کرنے اور مختلف امتحانات میں مبینہ بے ضابطگیوں کی غیر جانب دارانہ تحقیقات کا مطالبہ کر رہے ہیں۔

طلبا رہنما رویندر پاسوان نے کہا کہ حکومت سے مذاکرات کے باوجود احتجاج اس وقت تک ختم نہیں کیا جائے گا جب تک CBI تحقیقات اور امتحانات کی منسوخی جیسے بنیادی مطالبات تسلیم نہیں کیے جاتے۔

14واں JPSC امتحان منسوخ کرنے کا اعلان

مذاکرات کے دوران ریاستی وزیر دیپیکا پانڈے سنگھ نے اعلان کیا کہ 14واں JPSC امتحان منسوخ کیا جائے گا۔ حکومت نے مبینہ مالی بے ضابطگیوں کی تحقیقات کے لیے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کو خط لکھنے اور سی آئی ڈی کی تحقیقات کو عدالت کی نگرانی میں کرانے کی بات بھی کی ہے۔

حکومت کی جانب سے یہ اعلان احتجاجی طلبا کے لیے ایک اہم پیش رفت ہے تاہم مظاہرین کی جانب سے صرف ایک امتحان کی منسوخی کو کافی نہیں سمجھا جا رہا۔ ان کا اصرار ہے کہ دیگر متنازع سرکاری ملازمتوں کے امتحانات کی بھی تحقیقات اور منسوخی کی جائے۔

بھوک ہڑتال نے تشویش بڑھا دی

احتجاج کے دوران کئی طلبا نے بھوک ہڑتال شروع کر رکھی ہے۔ پیر کو بھی متعدد مظاہرین بھوک ہڑتال پر تھے اور ان میں سے بعض کی صحت خراب ہونے کے باعث انہیں طبی امداد دی گئی۔ بعض رپورٹس کے مطابق طلبہ رہنما دیویندر ناتھ مہتو بھی طویل بھوک ہڑتال پر ہیں۔ 

20 اگست کو وزیراعلیٰ کی رہائش گاہ کے گھیراؤ کا اعلان

ہڑتالی طلبا نے حکومت کو خبردار کیا کہ اگر ہماے مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو وہ 20 اگست کو رانچی میں وزیراعلیٰ ہیمنت سورین کی رہائش گاہ کا گھیراؤ کریں گے۔ مظاہرین نے وزیراعلیٰ کے استعفے کا مطالبہ بھی کیا ہے۔ 

گزشتہ روز بھی احتجاجی طلبا نے رانچی میں مشعل بردار مارچ کیا اور وزیراعلیٰ ہیمنت سورین، کانگریس رہنما راہول گاندھی اور آر جے ڈی رہنما تیجسوی یادو کے پتلے نذر آتش کیے۔ مظاہرین کا الزام تھا کہ حکمران اتحاد نے ان کے مطالبات پر عملی اقدامات نہیں کیے۔

 

Load Next Story