رجب بٹ نے اپنی دولت کی نمائش کرنے کی انوکھی وجہ بتادی

یوٹیوبر اس سے قبل یہ دعویٰ بھی کرچکے ہیں کہ وہ ارب پتی ہیں

یوٹیوبر اور سوشل میڈیا انفلوئنسر رجب بٹ نے انکشاف کیا ہے کہ وہ سوشل میڈیا پر اپنی دولت اور مہنگی چیزوں کی نمائش کیوں کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بطور کانٹینٹ کریئیٹر ان کی زندگی کی بڑی سرگرمیاں ہی ان کے وی لاگز کا حصہ بن جاتی ہیں۔

رجب بٹ کا شمار ان پاکستانی یوٹیوبرز میں ہوتا ہے جو اپنے کانٹینٹ سے زیادہ تنازعات کے باعث خبروں میں رہتے ہیں۔ وہ مختلف جھگڑوں، قانونی معاملات اور اپنی ازدواجی زندگی سے متعلق تنازعات کے باعث بھی سوشل میڈیا پر زیرِ بحث رہتے ہیں۔ ان کے اندازِ زندگی اور بے باک شخصیت پر جہاں کچھ لوگ انہیں پسند کرتے ہیں، وہیں کئی صارفین ان کے حد سے زیادہ نمائش والے انداز کو تنقید کا نشانہ بھی بناتے ہیں۔

رجب بٹ نے حالیہ انٹرویو میں اپنی دولت کی نمائش کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی مالی حیثیت چھپانے کے بجائے اسے اپنے کانٹینٹ کا حصہ بناتے ہیں۔ یوٹیوبر اس سے قبل یہ دعویٰ بھی کرچکے ہیں کہ وہ ارب پتی ہیں اور انہوں نے یوٹیوب کے علاوہ مختلف کاروباری منصوبوں سے بھی دولت کمائی ہے۔

انہوں نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ اگر وہ یوٹیوب سے وابستہ ہوتے ہوئے 5 کروڑ روپے کی گاڑی خریدتے ہیں تو اس پر وی لاگ بنانا ان کے لیے فطری بات ہے۔ ان کے مطابق کانٹینٹ کریئیٹرز کسی کی سالگرہ کی تقریب تک کو نہیں چھوڑتے اور وہاں بھی کانٹینٹ تلاش کرلیتے ہیں، تو پھر وہ اپنی زندگی کی مہنگی اور نمایاں چیزوں کو ویڈیوز میں کیوں نہ دکھائیں۔

رجب بٹ کا کہنا تھا کہ بطور یوٹیوبر انہیں اپنی ویڈیوز کو دلچسپ بنانا ہوتا ہے، اسی لیے وہ اپنی گاڑیوں، طرزِ زندگی اور دیگر چیزوں کو بھی ناظرین کے سامنے لاتے ہیں۔ ان کے مطابق دولت کی نمائش محض ذاتی شوق نہیں بلکہ ان کے کانٹینٹ بنانے کے انداز کا بھی ایک حصہ ہے۔

Load Next Story