ٹی شرٹس تہہ کرنے کا انوکھا عالمی ریکارڈ، 12 رکنی ٹیم کا حیران کن کارنامہ
گینیز ورلڈ ریکارڈز کے 200 سے زائد اعزازات اپنے نام کرنے والے ڈیوڈ رش نے اپنے 10 ساتھی ملازمین اور لاس ویگاس کے ایک ذہنی علوم کے ماہر کے ساتھ مل کر ٹی شرٹس تہہ کرنے کا نیا عالمی ریکارڈ قائم کر دیا۔
امریکی ریاست آئیڈاہو سے تعلق رکھنے والے ڈیوڈ رش نے کارپوریٹ ٹیم بلڈنگ کے سلسلے میں لاس ویگاس کے دورے کے دوران 12 رکنی ٹیم کے ساتھ سب سے کم وقت میں 12 ٹی شرٹس کو ریلے انداز میں تہہ کرنے کا ریکارڈ بنانے کی کوشش کی۔
اس سے قبل یہ ریکارڈ 2 منٹ 24 سیکنڈ کا تھا۔ تاہم، ڈیوڈ اور ان کی ٹیم نے متعدد ناکام کوششوں کے بعد بالآخر 2 منٹ 19.65 سیکنڈ میں 12 ٹی شرٹس تہہ کرکے نیا ریکارڈ قائم کر دیا۔
ڈیوڈ رش کے مطابق ٹیم کو ریکارڈ بنانے کے لیے تیز رفتاری کے ساتھ انتہائی احتیاط کی بھی ضرورت تھی کیونکہ ٹی شرٹ کو غلط انداز میں تہہ کرنا، مقررہ وقت سے پہلے اگلے رکن کا حرکت کرنا یا کسی معمولی تکنیکی خلاف ورزی کے باعث پوری کوشش ضائع ہو سکتی تھی۔
بالآخر 12 رکنی ٹیم نے تمام تکنیکی تقاضے پورے کرتے ہوئے 2 منٹ 19.65 سیکنڈ کا وقت حاصل کیا اور ٹی شرٹس تہہ کرنے کے ریلے میں نیا گینیز ورلڈ ریکارڈ اپنے نام کر لیا۔