بھارت میں گرفتار ہونے والے افراد کو پاکستان سے جوڑنا پروپیگنڈا ہے، دفتر خارجہ

بھارت داخلی سیکیورٹی کے مسائل سے توجہ ہٹانے اور محدود سیاسی مفادات کے لیے پاکستان پر الزام لگا رہا ہے، ترجمان

—فائل فوٹو

دفتر خارجہ نے بھارتی وزیر داخلہ کی جانب سے بھارت میں ہونے والی بعض گرفتاریوں سے پاکستان کو جوڑنے کے الزامات کو سختی سے مسترد کر دیا۔

ترجمان دفترخارجہ نے کہا ہے کہ بھارتی وزیر داخلہ کے الزامات بے بنیاد ہیں ایسی پروپیگنڈا مہم پاکستان کے خلاف بھارت کی بدنیتی پر مبنی مہم کا ایک اور مظہر ہے۔

ترجمان دفترخارجہ نے کہا کہ بھارت اپنی داخلی سیکیورٹی کے مسائل سے توجہ ہٹانے اور محدود سیاسی مفادات کے لیے پاکستان کو موردِ الزام ٹھہرانے کی کوشش کر رہا ہے۔

دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ بھارت اندرون ملک ایک جابرانہ ریاست ہے جو اقلیتوں کو سختی سے دباتا اوراختلافِ رائے کو خاموش کراتا ہے، بیرون ملک دہشت گردی برآمد اور دہشت گردوں کی معاونت کر رہا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ بے بنیاد الزامات عالمی توجہ کو بھارت کی ریاستی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی، ٹارگٹ کلنگ اور بیرون ملک تخریبی سرگرمیوں سے نہیں ہٹا سکتے، پاکستان متعدد بار بھارت کی پاکستان میں دہشت گردی اور عدم استحکام کی سرگرمیوں میں ملوث ہونے کے شواہد عالمی برادری کے ساتھ شیئر کر چکا ہے۔

دفتر خارجہ نے کہا کہ بھارتی بحریہ کے کمانڈر اور پاکستان میں دہشت گردی و تخریبی سرگرمیوں میں ملوث ہونے کے جرم میں سزا یافتہ کلبھوشن یادیو بھارت کے براہِ راست ملوث ہونے کا ناقابلِ تردید ثبوت ہیں۔

پاکستان نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ بھارت کے بے بنیاد الزامات کو مسترد کرے اور خطے میں بھارت کی ریاستی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کا احتساب کرے۔

Load Next Story