آپریشن ردالفتنہ 3 کے تحت بلوچستان میں کارروائیاں، 9 دہشت گرد ہلاک

زیارت اور ہرنائی کے درمیان پہاڑی سلسلے میں بڑا انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا گیا

کوئٹہ:

بلوچستان میں آپریشن ردالفتنہ 3 کے تحت کارروائیاں جاری ہیں جس میں مزید 9 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا گیا۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق زیارت، ہرنائی اورسوراب میں دہشتگردوں کیخلاف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیے گئے، سیکورٹی فورسز نے خفیہ اطلاع پر زیارت اور ہرنائی کے درمیان پہاڑی سلسلے میں بڑا انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا، فورسز نے دہشتگردوں کے ٹھکانے کو گھیرے میں لیکر مؤثر انداز میں نشانہ بنایا جس میں 8 دہشتگرد ہلاک ہوگئے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کے ٹھکانے کو بھی تباہ کردیا، ضلع سوراب کےعلاقے حاجیکہ گاوں میں کامیاب آپریشن کے دوران ایک دہشتگردجہنم واصل ہوا۔

سیکیورٹی فورسزنے دشت کٹائی اورحاجیکہ کے درمیان مؤثر ناکہ بندی قائم کی اوردہشتگردوں کی نقل و حرکت کا سراغ لگایا، ہلاک دہشتگردوں کے قبضے سے ایمونیشن، میگزین، دستی بم، واکی ٹاکی، موٹرسائیکل اوردیگر سامان برآمد کرلیا گیا۔

دریں اثنا وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے آپریشن ردالفتنہ 3 کے تحت بلوچستان میں فتنہ الہندوستان کے 9 سے زائد دہشت گردوں کو جہنم رسید کرنے پر سکیورٹی فورسز کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو سراہا۔

محسن نقوی نے کہا کہ دہشتگردوں کے مذموم عزائم ناکام بنانے والے سکیورٹی فورسز کے بہادر سپوتوں پر فخر ہے، سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں قومی سلامتی کے تحفظ کے عزم کی عکاس ہیں۔ آپریشن میں حصہ لینے والے وطن کے بہادر سپوتوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ قوم دہشتگردی کے خلاف جنگ میں سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، فتنہ الہندوستان اور فتنہ الخوارج کے خلاف آپریشنز پوری قوت سے جاری ہیں اور جاری رہیں گے۔

Load Next Story