سشانت سنگھ کیس کی وجہ سے والد کی ملازمت چلی گئی، ریا چکرورتی کا دردناک انکشاف
بالی ووڈ اداکارہ ریا چکرورتی نے انکشاف کیا ہے کہ اداکار سشانت سنگھ راجپوت کی موت کے بعد پیدا ہونے والے تنازعات نے صرف ان کے کیریئر کو ہی متاثر نہیں کیا بلکہ ان کے والد اندراجیت چکرورتی بھی اس کی زد میں آئے۔
ریا چکرورتی نے حال ہی میں فلمساز فرح خان کے وی لاگ میں شرکت کے دوران اپنی زندگی کے مشکل دور اور خاندان کو پیش آنے والی مشکلات کے بارے میں کھل کر بات کرتے ہوئے بتایا کہ ان کے والد کو شہر کے ایک معروف اسپتال میں میڈیکل سپرنٹنڈنٹ کی اہم پوسٹ پر ملازمت ملی تھی مگر جب اسپتال انتظامیہ کو معلوم ہوا کہ وہ ان کے والد ہیں تو مبینہ طور پر یہ موقع ان سے واپس لے لیا گیا۔
ریا نے بتایا کہ والد بھارتی فوج کے ریٹائرڈ افسر اور آرمڈ فورسز میڈیکل کور میں ڈاکٹر رہ چکے ہیں، انکو پہلے ملازمت دے دی گئی تھی لیکن ان کا خاندانی نام معلوم ہونے پر ان سے کہا گیا کہ ’آپ ریا چکرورتی کے والد ہیں تو معذرت‘۔
مارچ 2025 میں بھارتی تحقیقاتی ادارے سی بی آئی نے سشانت سنگھ راجپوت کی موت سے متعلق تحقیقات میں کلوزر رپورٹس جمع کرائیں، جن میں ریا چکرورتی اور ان کے خاندان کے خلاف قتل پر اکسانے یا کسی سازش کے شواہد نہ ملنے کی بات سامنے آئی۔