مہنگائی کی وجہ سے عام شہری کا جینا محال ہوگیا ہے، منعم ظفر خان
پیٹرولیم لیوی ٹیکس کیخلاف کراچی میں گورنر ہاؤس کے باہر جماعت اسلامی کا دھرنا تیسرے روز بھی جاری ہے۔
امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے دھرنے میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ مہنگائی کی وجہ سے عام شہری کا جینا محال ہوگیا ہے، پورے ملک میں پیٹرولیم لیوی ٹیکس کے خلاف دھرنے جاری ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پیٹرولیم ٹیکس کی مد میں عوام کی جیبوں پر ڈاکا ڈالا جارہا ہے، عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتیں کم بھی ہوتو ہمارے ملک میں کم نہیں ہوتیں۔ لیوی کےنام پر عوام سے فی لیٹر پر 130 روپے ٹیکسز وصول کئے جارہے ہیں ، پیٹرولیم لیوی کے خاتمے تک جماعت اسلامی کے دھرنے جاری رہیں گے۔
منعم ظفر خان کا مزید کہنا تھا کہ کے الیکٹرک شہریوں کو سہولیات فراہم کرنے میں ناکام ہوچکا ہے، 164 ارب روپے حکومت کے الیکٹرک کو سبسڈی فراہم کررہی ہے، کے الیکٹرک نے کراچی کے شہریوں کو اندھیرے میں رکھا ہواہے۔
انہوں نے کہا کہ بی آر ٹی منصوبے سے ٹریفک جام ہوتا ہے، کریم آباد انڈر پاس بناکر شہریوں سے مذاق کیا گیا، شہر میں ماس ٹرانزٹ منصوبہ موجود نہیں، جماعت اسلامی ظلم کیخلاف آج سڑکوں پر موجود ہے، ہم شہریوں کے حقوق کے لیے جدوجہد کرتے رہیں گے۔