فضل الرحمان نے عمران خان کی جیل سے اسپتال منتقلی کے فیصلے کو خوش آئند قرار دیدیا
فوٹو: فائل
جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ اپوزیشن اور حکومت کے درمیان ایک معقول دوری ہونی چاہیے اور بلاوجہ تعصب، نفرت یا محض مخالفت برائے مخالفت سے گریز ضروری ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان سے بانی پی ٹی آئی کو اسپتال منتقل کرنے کے سپریم کورٹ کے فیصلے پر سوال کیا گیا تو انہوں نے مختصر جواب دیتے ہوئے کہا کہ یہ اچھی بات ہے۔
انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کا بنیادی فرض ہے کہ وہ حکومت کی کمزوریوں کی نشاندہی کرے اور ان کی اصلاح میں کردار ادا کرے۔ ان کا کہنا تھا کہ سیاسی معاملات میں سنجیدگی اور ذمہ داری کا مظاہرہ کیا جانا چاہیے۔
مولانا فضل الرحمان نے مزید کہا کہ صوبوں کے معاملے پر حمایت اور مخالفت کے درمیان واضح لکیر کھینچ دینے سے مسائل پیدا ہو رہے ہیں۔ اس حوالے سے تھوڑی بحث کرنے دیں، اس کی اصولی حیثیت عملی حیثیت کیا ہے یہ معلوم کرنے دیں، ماحول تیار ہے یا نہیں ہے یہ معلوم کرنے دیں۔