سپریم کورٹ کا حکم: عمران خان کی نورین نیازی سے ملاقات کرادی گئی
بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بہن نورین نیازی سے ملاقات کرادی گئی۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق آج سپریم کورٹ نے عمران خان کو علاج کے لیے نجی اسپتال منتقل کرنے، اہل خانہ اور ذاتی معالج سے ملاقاتوں کا حکم دیا تھا جس پر عمل درآمد شروع ہوگیا، آج ہمشیرہ نورین نیازی کی عمران خان سے ملاقات کرادی گئی۔
عمران خان سے ملاقات کے لیے علیمہ خان، نورین خان اور دیگر اڈیالہ جیل پہنچے، نورین نیازی جیل کے اندر روانہ ہوئیں۔
عمران خان اور اور نورین نیازی کی کانفرنس روم میں ملاقات کرادی گئی۔ ملاقات میں دونوں بہن بھائی نے صحت اور دیگر امور پر گفتگو کی۔
جیل ذرائع کے مطابق نورین نیازی نے عمران خان کو سپریم کورٹ کے فیصلے سے آگاہ کیا۔
نورین نیازی کی ملاقات کے بعد انہوں نے علیمہ خان اور عظمی خان کے ساتھ میڈیا سے گفتگو کی۔
علیمہ خان نے کہا کہ ملاقات کے بارے میں کچھ نہیں کہہ سکتی، آج نورین کی ملاقات ہو گئی یہ بونس ہے، ملاقات پر اتنی خوشی ہے آپ سوچ بھی نہیں سکتے، میں کہاں سے مٹھائی لاتی، سپریم کورٹ سے اے ٹی سی پنڈی پیش ہوئی۔
صحافی نے سوال کیا کہ کوئی اشارہ ملا ہے کہ حالات تبدیل ہو رہے ہیں؟ اس پر انہوں نے کہا کہ ہمیں کہاں سے اشارہ ملنا ہے، آپ کا مطلب یہ ملاقات ہے؟ ہاں اکھٹا ہی بہت کچھ ہوگیا ہمیں ابھی تک غیر یقینی سی ہے۔
ملاقات کے بعد بانی کی تینوں بہنیں اڈیالہ جیل سے روانہ ہوگئیں۔
عمران خان کی بشریٰ بی بی سے بھی ملاقات
بانی پی ٹی آئی عمران خان کی جیل میں بشری بی بی سے بھی ملاقات کرادی گئی۔ بانی اور بشری بی بی کی ملاقات 30 منٹ تک جیل کانفرنس روم میں جاری ہی۔ ملاقاتوں کے بعد عمران خان کو واپس کمپاؤنڈ منتقل کردیا گیا۔
ملاقات سے قبل میڈیا سے گفتگو میں علیمہ خان کا کہنا تھا کہ عدالتِ عظمیٰ کے فیصلے کے بعد اب عمران خان ہسپتال جائیں گے، جس کا مطالبہ ہم گزشتہ آٹھ ماہ سے کر رہے تھے۔ علیمہ خان نے اسلام آباد ہائی کورٹ سے بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کو ضمانت دینے کا مطالبہ کردیا۔
اپنے مقدمے سے متعلق انہوں نے بتایا کہ انسداد دہشت گردی عدالت میں ابھی ان کی جانب سے گواہ پر جرح ہونا باقی ہے۔