پاکستان میں پہلی بار گوگل کا دفتر قائم، وزیراعظم نے افتتاح کردیا

گوگل کے پبلک پالیسی کے نائب صدر اور امریکی ناظم الامور بھی دفتر کے افتتاح کے موقع پر موجود تھے

فوٹو: پی آئی ڈی

پاکستان میں پہلی مرتبہ گوگل نے اپنا دفتر قائم کردیا اور وزیراعظم شہباز شریف نے گوگل کے پبلک پالیسی کے نائب صدر ولسٹن وائٹ اور امریکی ناظم الامور کے ہمراہ دفتر کا باقاعدہ افتتاح کردیا۔

وزیراعظم آفس سے جاری اعلامیے کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف سے  گوگل کے 9 رکنی وفد نے ملاقات، جس کی قیادت گورنمنٹ افیئرز اینڈ پبلک پالیسی کے نائب صدر ولسن وائٹ کر رہے تھے اور ان کے ہمراہ اسلام آباد میں امریکی سفارت خانے کی ناظم الامور نٹالی بیکر بھی تھیں۔

وزیراعظم نے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں حکومتی امور اور معیشت کی ڈیجیٹلائزیشن سمیت بڑے پیمانے پر ڈیجیٹل تبدیلی کا عمل جاری ہے اور انہوں نے حکومت کے ڈیجیٹل نیشن پاکستان کے وژن سے آگاہ کیا اور قومی ڈیجیٹل ایکو سسٹم کی تشکیل کے لیے کئی اقدامات پر عمل درآمد کا کام حتمی مراحل میں ہے۔

وزیراعظم نے آئی ٹی انفرا اسٹرکچر کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے حکومتی عزم کا اعادہ کیا اور نوجوانوں کو آئی ٹی اور مصنوعی ذہانت (اے آئی) کی تربیت دینے کے جاری پروگراموں کے بارے میں وفد کو بریفنگ دی۔

انہوں نے ان مقاصد کے حصول کے لیے گوگل جیسی عالمی ٹیکنالوجی کمپنی کے ساتھ اشتراک عمل کی اہمیت پر زور دیا اور پاکستان میں دفتر کھولنے کے گوگل کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ اس سے کمپنی کے ساتھ ملک کی شراکت داری مزید مستحکم ہوگی۔

وزیراعظم نے پاکستان کی ڈیجیٹل معیشت کو آگے بڑھانے میں گوگل کے کردار کو سراہا اور ان اقدامات کی تعریف کی جن کی بدولت ہزاروں پاکستانی نوجوانوں کو باعزت روزگار کے مواقع میسر آئے۔

ڈیجیٹل شعبے میں پاکستانی نوجوانوں کی صلاحیتوں کو اجاگر کرتے ہوئے وزیراعظم نے امید ظاہر کی کہ گوگل نوجوانوں کی مہارتوں میں اضافے اور انہیں بااختیار بنانے کے لیے اپنی سرگرمیوں کو مزید وسعت دے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ اب پاکستان میں گوگل کی موجودگی قائم ہوچکی ہے، گہرے اثرات کے حامل پروگراموں کو مزید وسیع پیمانے پر چلایا جا سکتا ہے۔

ولسن وائٹ نے وزیراعظم کو گوگل کے مستقبل کے منصوبوں کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ مقامی دفتر پاکستان میں ڈیجیٹل تبدیلی کے عمل کو تیز کرنے کے لیے گوگل کے عزم کو مزید تقویت دے گا اور موجودہ شراکت داری کو بنیاد بناتے ہوئے پاکستانی نوجوانوں کے لیے طویل مدتی مواقع پیدا کرنے اور مقامی کاروباروں کو عالمی سطح پر لے جانے میں مدد فراہم کرے گا۔

انہوں نے مقامی شراکت داروں کے ساتھ گوگل کی جانب سے قائم کردہ کروم بک اسمبلی لائن پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں اسمبل ہونے والی کروم بکس کو خطے کے دیگر ممالک میں برآمد کرنے کے وسیع امکانات موجود ہیں۔

وفد کے سربراہ نے کہا کہ گوگل پاکستان کی نوجوان آبادی کی بے پناہ صلاحیتوں کا اعتراف کرتا ہے اور آئی ٹی، اے آئی، گیمنگ اور دیگر شعبوں میں مہارت بڑھانے کے پروگراموں کو وسعت دینے کا خواہش مند ہے۔

 اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف، مسٹر ولسن وائٹ، امریکی ناظم الامور نٹالی بیکر اور دیگر عہدیداروں نے مشترکہ طور پر پاکستان میں گوگل کے دفتر کے افتتاح کے موقع پر ایک تختی کی نقاب کشائی کی۔

Load Next Story