دنیا کا بدصورت ترین کتا
امریکا میں چھ سالہ کتے جنّی لو نے دنیا کے بدصورت ترین کتے کا اعزاز اپنے نام کرلیا۔ مقابلہ امریکی ریاست کیلیفورنیا کے شہر سانتا روزا میں سونوما کاؤنٹی فیئر گراؤنڈز میں منعقد ہوا۔
جنّی لو گزشتہ سال ہونے والے مقابلے میں دوسرے نمبر پر رہی تھی۔ تاہم، اس سال اس نے مختلف کتوں کو پیچھے چھوڑتے ہوئے دنیا کے بدصورت ترین کتے کا خطاب حاصل کرلیا۔
یہ مقابلہ ہر سال کتوں کی منفرد ظاہری خصوصیات کو اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ جانوروں کو گود لینے، ریسکیو اور ان سے ہمدردی کے پیغام کو فروغ دینے کے لیے منعقد کیا جاتا ہے۔ رواں برس اس ایونٹ کی 50 ویں سالگرہ بھی منائی گئی۔
منتظمین کے مطابق گزشتہ پانچ دہائیوں سے جاری یہ مقابلہ ہر کتے کی انفرادیت کو قبول کرنے اور ریسکیو کیے گئے جانوروں کے لیے محبت و قبولیت کا پیغام عام کرنے کا ذریعہ بنا ہوا ہے۔
جنّی لو کی کہانی اس مقابلے کو مزید خاص بناتی ہے۔ اسے جنوبی کوریا کی ڈاگ میٹ ٹریڈ سے ریسکیو کیا گیا تھا، جس کے بعد کیلیفورنیا کی دو ریسکیو تنظیموں نے اسے امریکا منتقل کیا تاکہ اسے ایک محفوظ گھر میں گود دیا جا سکے۔