کیا جانی ڈیپ ’پائریٹس آف کیریبین 6‘ میں نظر آئیں گے؟

کیپٹن جیک اسپیرو کا کردار ’پائریٹس آف دی کیریبین‘ فرنچائز کی عالمی مقبولیت میں مرکزی حیثیت رکھتا ہے

کیپٹن جیک اسپیرو کے مداحوں کے لیے ایک بار پھر امید کی کرن روشن ہوگئی ہے، کیونکہ ہالی ووڈ کی مقبول فرنچائز ’پائریٹس آف دی کیریبین‘ کی چھٹی فلم میں جانی ڈیپ کی واپسی کے امکانات بڑھ گئے ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ’پائریٹس آف دی کیریبین 6‘ کے لیے جانی ڈیپ کو دوبارہ کیپٹن جیک اسپیرو کے کردار میں لانے کے حوالے سے مذاکرات جاری ہیں۔ فرنچائز کے معروف پروڈیوسر جیری برک ہائمر نے بھی تصدیق کی ہے کہ جانی ڈیپ کے ساتھ بات چیت ہورہی ہے اور فلم کے اسکرین پلے پر کام جاری ہے۔

جیری برک ہائمر نے ڈزنی کی ڈی23 تقریب کے دوران جانی ڈیپ سے جاری مذاکرات اور فلم کے اسکرپٹ کی تیاری کے بارے میں گفتگو کی۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ اداکار سے بات کررہے ہیں اور امید ہے کہ یہ منصوبہ جلد عملی شکل اختیار کرلے گا۔

جانی ڈیپ اور جیک اسپیرو کا یادگار کردار

جانی ڈیپ نے 2003 میں ریلیز ہونے والی فلم ’پائریٹس آف دی کیریبین: دی کرس آف دی بلیک پرل‘ میں پہلی مرتبہ کیپٹن جیک اسپیرو کا کردار نبھایا تھا۔ منفرد انداز، مزاح اور مہم جوئی سے بھرپور اس کردار نے جانی ڈیپ کو عالمی شہرت کی بلندیوں تک پہنچایا اور انہیں بہترین اداکار کے آسکر ایوارڈ کے لیے نامزدگی بھی ملی۔

اس کے بعد جانی ڈیپ فرنچائز کی مزید چار فلموں میں کیپٹن جیک اسپیرو بن کر جلوہ گر ہوئے۔ اس کردار میں ان کی آخری پیشی 2017 میں ریلیز ہونے والی ’پائریٹس آف دی کیریبین: ڈیڈ مین ٹیل نو ٹیلز‘ میں ہوئی تھی۔

’پائریٹس 6‘ کا منصوبہ کئی برس سے زیرِغور

’پائریٹس آف دی کیریبین 6‘ کا منصوبہ گزشتہ کئی برس سے مختلف مراحل میں زیرِغور ہے۔ ڈزنی فرنچائز کو نئے انداز میں آگے بڑھانے کے لیے مختلف کہانیوں اور منصوبوں پر کام کرتا رہا ہے۔

ان منصوبوں میں ایک ممکنہ ری بوٹ بھی شامل تھا جس کے ساتھ ہالی ووڈ اداکارہ مارگو روبی کا نام بھی منسلک کیا گیا تھا۔ تاہم جانی ڈیپ کی ممکنہ واپسی نے فلم کے مستقبل اور کہانی کی سمت کے حوالے سے ایک بار پھر دلچسپی پیدا کردی ہے۔

کیا جانی ڈیپ واقعی بڑے پردے پر لوٹیں گے؟

فی الحال جانی ڈیپ کی ’پائریٹس آف دی کیریبین 6‘ میں شرکت حتمی نہیں کہی جاسکتی، کیونکہ ابھی باقاعدہ معاہدہ طے نہیں ہوا۔ اسکرپٹ کی تکمیل، کاسٹنگ اور دیگر معاہداتی معاملات مکمل ہونے کے بعد ہی فلم کی پروڈکشن اور ریلیز سے متعلق حتمی تفصیلات سامنے آسکیں گی۔

اگر مذاکرات کامیاب ہوگئے تو یہ جانی ڈیپ کے لیے کئی برس بعد کسی بڑے اسٹوڈیو کی نمایاں فلم میں واپسی ہوگی۔ دوسری جانب کیپٹن جیک اسپیرو کا کردار ’پائریٹس آف دی کیریبین‘ فرنچائز کی عالمی مقبولیت میں مرکزی حیثیت رکھتا ہے، جبکہ اس پوری سیریز نے دنیا بھر میں تقریباً 4.5 ارب ڈالر کا کاروبار کیا ہے۔

اب مداحوں کی نظریں جانی ڈیپ اور جیری برک ہائمر کے درمیان جاری بات چیت پر ہیں، کیونکہ اگر یہ معاہدہ طے پا گیا تو کیپٹن جیک اسپیرو ایک بار پھر اپنی مخصوص شرارتی مسکراہٹ کے ساتھ سمندروں کی مہم جوئی پر روانہ ہوسکتا ہے۔

Load Next Story