جڑواں شہروں میں شدید بارش، نالہ لئی پھر بپھر گیا، شہریوں کیلیے انخلا کا الرٹ

بارش تھمنے کے بعد صبح دوبارہ شروع ہو گئی، جس کے بعد پانی کی سطح مزید بلند ہونے لگی ہے، انتظامیہ

راولپنڈی:

وفاقی دارالحکومت اور اس کے جڑواں شہر راولپنڈی میں شدید بارش کے نتیجے میں نالہ لئی پھر بپھر گیا۔ انتطامیہ کی جانب سے متاثرہ مقامات پر شہریوں کے لیے انخلا کا الرٹ جاری کیا گیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق راولپنڈی اور اسلام آباد میں بارش کا سلسلہ جاری رہا، جس کے باعث نالہ لئی میں پانی کی سطح 19 فٹ سے تجاوز کرگئی۔ کٹاریاں پل پر پانی 19.5 فٹ جبکہ گوالمنڈی میں 13 فٹ تک بلند ہوگیا۔

اس موقع پر نالہ لئی سے ملحقہ نشیبی علاقوں میں خطرے کے سائرن بجائے گئے جب کہ فلڈ کنٹرول روم کے مطابق کٹاریاں کے اطراف نشیبی علاقوں میں الرٹ جبکہ گوالمنڈی میں پری الرٹ جاری کردیا گیا۔

راولپنڈی میں سید پور کے مقام پر 66، گولڑہ میں 52، بوکڑہ میں 65 اور پی ایم ڈی میں 58 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ شمس آباد میں 48 اور کچہری میں 47 ملی میٹر بارش ہوئی۔

اسی طرح پیر ودھائی میں 58، گوالمنڈی میں 6 اور نیو کٹاریاں میں 52 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ بارش کے باعث نالہ لئی میں طغیانی کی صورتحال پیدا ہوگئی اور انخلا کا الرٹ جاری کیا گیا۔ نالہ لئی میں پانی کی سطح تیزی سے بلند ہونے پر اطراف میں خطرے کے سائرن بجادیے گئے۔ نشیبی علاقوں کے مکینوں کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت کی گئی جبکہ انتظامیہ اور امدادی ادارے بھی الرٹ کردیے گئے ہیں۔

بعد ازاں فلڈ کنٹرول روم نے اپ ڈیٹ جاری کی، جس کے مطابق کٹاریاں کے مقام پر پانی کی سطح 21.5 فٹ تک پہنچ گئی جبکہ گوالمنڈی کے مقام پر پانی کی سطح 16 فٹ ریکارڈ کی گئی اور اس میں مسلسل اضافہ جاری رہا۔

رات ساڑھے 11 بجے شروع ہونے والے بارش کے سلسلے کے بعد نالہ لئی میں پانی کی سطح بلند ہوئی اور صورتحال خطرناک ہوگئی۔ انتظامیہ اور امدادی اداروں کو کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے الرٹ رکھا گیا۔

Load Next Story