کراچی؛ مچھر کالونی میں 3 ڈاکو پولیس مقابلے میں ہلاک، فائرنگ کے تبادلے میں اہلکار زخمی

مرنے والے ڈاکوؤں کی شناخت رحمن، عمر دراز اور ساجد کے ناموں سے ہوئی، اسلحہ، گولیاں اور موٹر سائیکل برآمد

فوٹو: فائل

کراچی:

مچھر کالونی میں تین ڈاکو پولیس مقابلے میں ہلاک ہو گئے جب کہ فائرنگ کے تبادلے میں ایک اہلکار زخمی ہوگیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق ڈاکس پولیس نے ماڑی پور مچھر کالونی کے اخلاق چوک کے قریب مبینہ مقابلے کے دوران 3 ڈاکوؤں کو ہلاک کردیا۔ ریسکیو حکام کے مطابق 2 ڈاکو موقع پر ہی ہلاک ہوئے۔

تیسرے ڈاکو کو شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا جارہا تھا، تاہم وہ راستے میں ہی دم توڑ گیا۔ پولیس نے لاشوں کو ضابطے کی کارروائی کے لیے سول اسپتال منتقل کردیا۔

پولیس کے مطابق کرائم سین یونٹ نے جائے وقوع سے شواہد حاصل کیے، جس کے بعد ڈاکوؤں کی لاشیں رضاکاروں کی مدد سے رات گئے سول اسپتال منتقل کی گئیں۔

ڈاکس پولیس کا کہنا ہے کہ تلاش ایپ ڈیوائس کی مدد سے ہلاک ہونے والے ڈاکوؤں کی شناخت کا عمل جاری ہے۔ پولیس کے مطابق ڈاکوؤں کے قبضے سے اسلحہ، گولیاں اور موٹر سائیکل بھی برآمد ہوئی ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ برآمد ہونے والے اسلحے، گولیوں اور موٹر سائیکل کے حوالے سے مزید تفتیش کی جارہی ہے۔ بعد ازاں ایس ایچ او ڈاکس نے بتایا کہ ہلاک ڈاکوؤں کی شناخت رحمٰن، عمر دراز اور ساجد کے نام سے ہوئی ہے۔

ایس ایچ او ڈاکس کے مطابق مبینہ مقابلے میں پولیس اہلکار کلیم اللہ بھی گولی لگنے سے معمولی زخمی ہوا ہے۔

Load Next Story