راولپنڈی: شدید بارش کے باعث سہگل اسٹریٹ کا نالہ بپھر گیا، مدرسے میں پانی داخل ہونے سے طلبہ پھنس گئے
وفاقی دارالحکومت اور اس کے جڑواں شہر راولپنڈی میں شدید بارش کے نتیجے میں نالہ لئی پھر بپھر گیا۔ انتطامیہ کی جانب سے متاثرہ مقامات پر شہریوں کے لیے انخلا کا الرٹ جاری کیا گیا جب کہ کینٹ کے علاقے سہگل اسٹریٹ کا نالہ بپھر گیا جہاں مدرسے میں پانی داخل ہونے سے طالبعلم پھنس گئے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق راولپنڈی اور اسلام آباد میں بارش کا سلسلہ جاری رہا، جس کے باعث نالہ لئی میں پانی کی سطح 19 فٹ سے تجاوز کرگئی۔ کٹاریاں پل پر پانی 19.5 فٹ جبکہ گوالمنڈی میں 13 فٹ تک بلند ہوگیا۔
اس موقع پر نالہ لئی سے ملحقہ نشیبی علاقوں میں خطرے کے سائرن بجائے گئے جب کہ فلڈ کنٹرول روم کے مطابق کٹاریاں کے اطراف نشیبی علاقوں میں الرٹ جبکہ گوالمنڈی میں پری الرٹ جاری کردیا گیا۔
راولپنڈی میں سید پور کے مقام پر 66، گولڑہ میں 52، بوکڑہ میں 65 اور پی ایم ڈی میں 58 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ شمس آباد میں 48 اور کچہری میں 47 ملی میٹر بارش ہوئی۔
راولپنڈی میں موسلا دھار بارش جاری
راولپنڈی کینٹ کے علاقے بری طرح متاثر
جان کالونی، شیر زمان کالونی، پیپلز کالونی، راجہ اکرم کالونی، شالے ویلی و دیگر علاقوں میں صورتحال خراب
راولپنڈی کینٹ کے متعدد نشیبی علاقے زیر آب، پانی لوگوں کے گھروں میں داخل ہوگیا@MaryamNSharif pic.twitter.com/8bDLD7h9jo— Imran Asghar (@Imranbold) August 19, 2026
اسی طرح پیر ودھائی میں 58، گوالمنڈی میں 6 اور نیو کٹاریاں میں 52 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ بارش کے باعث نالہ لئی میں طغیانی کی صورتحال پیدا ہوگئی اور انخلا کا الرٹ جاری کیا گیا۔ نالہ لئی میں پانی کی سطح تیزی سے بلند ہونے پر اطراف میں خطرے کے سائرن بجادیے گئے۔ نشیبی علاقوں کے مکینوں کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت کی گئی جبکہ انتظامیہ اور امدادی ادارے بھی الرٹ کردیے گئے ہیں۔
بعد ازاں فلڈ کنٹرول روم نے اپ ڈیٹ جاری کی، جس کے مطابق کٹاریاں کے مقام پر پانی کی سطح 21.5 فٹ تک پہنچ گئی جبکہ گوالمنڈی کے مقام پر پانی کی سطح 16 فٹ ریکارڈ کی گئی اور اس میں مسلسل اضافہ جاری رہا۔
رات ساڑھے 11 بجے شروع ہونے والے بارش کے سلسلے کے بعد نالہ لئی میں پانی کی سطح بلند ہوئی اور صورتحال خطرناک ہوگئی۔ انتظامیہ اور امدادی اداروں کو کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے الرٹ رکھا گیا۔
راولپنڈی کینٹ کے علاقے سہگل اسٹریٹ کا نالہ بپھر گیا، راولپنڈی سہگل اسٹریٹ مدرسے میں پانی داخل ہوگیا۔
ترجمان 1122 نے کہا کہ مدرسے میں طالبعلم پھنسے ہیں، ریسکیو کی امدادی ٹیمیں موقع پر روانہ ہیں۔