کراچی کی چابی مانگنے والے شہر کو تقسیم اور لسانی سیاست میں دھکیلنا چاہتے ہیں، ترجمان سندھ حکومت
ترجمان سندھ حکومت نے کہا ہے کہ کراچی کی چابی مانگنے والے شہر کو تقسیم اور لسانی سیاست میں دھکیلنا چاہتے ہیں۔
اپنے بیان میں سندھ حکومت کی ترجمان سعدیہ جاوید نے کہا کہ کراچی کی چابی مانگنے والے یاد رکھیں، شہر کے عوام اب کسی سیاسی بلیک میلنگ میں نہیں آئیں گے۔ ٹاؤنز اور ڈویژنز کا راگ الاپنے والے کراچی کو دوبارہ تقسیم اور لسانی سیاست کی طرف دھکیلنا چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ملک بچانے کے نعرے لگانے والوں کا اصل مقصد اپنی گرتی ہوئی سیاست کو سہارا دینا اور اگلے بلدیاتی انتخابات میں سیاسی فائدہ حاصل کرنا ہے۔ بلدیاتی نظام پر لیکچر دینے والے پہلے اپنے دورِ میئرشپ اور مالی معاملات سے متعلق اٹھنے والے سوالات کا جواب دیں۔
سعدیہ جاوید کا کہنا تھا کہ سندھ کو تقسیم کرنے کے خواب دیکھنے والے جان لیں کہ صوبے کی وحدت اور سرحدیں ناقابلِ تقسیم ہیں۔ آرٹیکل 140-اے اور عدالتی فیصلوں کی من پسند تشریح کرنے والے اپنی قانونی معلومات درست کریں، سندھ حکومت آئینی تقاضوں پر عملدرآمد کر رہی ہے۔
ترجمان نے کہا کہ سندھ حکومت نے کراچی کو کھربوں روپے کے ترقیاتی اور میگا منصوبے دیے ہیں۔ ترقیاتی کاموں پر فوٹو سیشن اور سیاست چمکانے سے حقائق تبدیل نہیں ہوں گے۔ سندھ کے بجٹ پر انگلی اٹھانے والے پہلے بتائیں کہ وفاقی حکومتوں کا حصہ رہتے ہوئے انہوں نے کراچی کے لیے عملی طور پر کیا کیا؟
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی شہری اور دیہی سندھ کی یکساں ترقی پر یقین رکھتی ہے اور صوبے کے اضلاع اور بلدیاتی اداروں کو وسائل فراہم کر رہی ہے۔ کراچی کے عوام باشعور ہیں، نفرت، لسانیت اور محرومی کی سیاست کے ذریعے انہیں مزید گمراہ نہیں کیا جاسکتا۔
سعدیہ جاوید نے کہا کہ فوج اور ریاستی اداروں کا نام سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کرنے کا پرانا اسکرپٹ اب نہیں چلے گا۔