انمول پنکی کے سہولت کار شریک ملزمان کا ضمانت کیلیے عدالت سے رجوع

ملزمان مائکرو فنانسنگ کاروبار سے وابستہ ہیں، ان کا انمول عرف پنکی یا منشیات فروشی سے کوئی تعلق نہیں، وکیل

فوٹو: فائل

کراچی:

انمول عرف پنکی کے سہولت کار شریک ملزمان نے اپنی ضمانت کے لیے عدالت سے رجوع کرلیا۔

سندھ ہائیکورٹ میں ملزمہ انمول عرف پنکی کی مبینہ سہولت کاری کے الزام میں شریک ملزمان ذیشان اور سہیل نے ضمانت کے لیے عدالت سے رجوع کرلیا۔

درخواست پر سماعت کرتے ہوئے عدالت نے پراسیکیوشن اور تفتیشی افسر کو نوٹس جاری کردیا ار فریقین سے 26 اگست تک جواب طلب کرلیا ہے۔

درخواست گزاروں کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ ذیشان اور سہیل مائکرو فنانسنگ کے کاروبار سے وابستہ ہیں اور ان کا انمول عرف پنکی یا منشیات فروشی سے کوئی تعلق نہیں۔ وکیل کے مطابق درخواست گزار مقدمے میں نامزد ملزمان بھی نہیں ہیں۔

وکیل درخواست گزار نے عدالت کو بتایا کہ پولیس کی جانب سے پیش کردہ ٹرانزیکشنز کا ریکارڈ بدنیتی پر مبنی ہے۔ انمول عرف پنکی کی گرفتاری سے قبل کوئی نہیں جانتا تھا کہ پنکی منشیات فروش ہے۔

درخواست گزاروں کے وکیل کے مطابق دونوں افراد کو گھر سے اغوا کرنے کے بعد مقدمے میں شامل کیا گیا۔ عدالت کو بتایا گیا کہ سیشن عدالت پہلے ہی ملزمان کی ضمانت کی درخواست مسترد کرچکی ہے۔

Load Next Story