سوناکشی کی آن لائن ٹرولنگ، شتروگھن سنہا نے بی جے پی پر الزام لگادیا

شتروگھن سنہا نے کہا بعض افراد کو باقاعدہ معاوضہ دے کر سوناکشی کو نشانہ بنانے کے لیے استعمال کیا جاتا ہے

بالی ووڈ کے سینئر اداکار اور سیاست دان شتروگھن سنہا نے دعویٰ کیا ہے کہ ان کی بیٹی سوناکشی سنہا کو سوشل میڈیا پر نشانہ بنانے والی ٹرولنگ کے پیچھے مبینہ طور پر بی جے پی کا آئی ٹی سیل موجود ہے۔

سوناکشی سنہا حالیہ دنوں دہلی میں کاکروچ جنتا پارٹی کی قیادت میں ہونے والے طلبا احتجاج کی حمایت کرنے والی ابتدائی بالی ووڈ شخصیات میں شامل تھیں، جس کے بعد انہیں سوشل میڈیا پر شدید تنقید اور ٹرولنگ کا سامنا کرنا پڑا۔

شتروگھن سنہا، جو آل انڈیا ترینامول کانگریس (ٹی ایم سی) کے رکن بھی ہیں، نے بھارتی میڈیا سے گفتگو میں اپنی بیٹی کے سیاسی خیالات اور مستقبل میں سیاست میں ممکنہ انٹری کے ساتھ ساتھ ان کے خلاف ہونے والی آن لائن مہم پر بھی بات کی۔

80 سالہ اداکار نے دہلی کے طلبا احتجاج کی سوناکشی کی حمایت کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ بعض افراد نے سوال اٹھایا تھا کہ اگر انہوں نے دہلی میں احتجاج کی حمایت کی تو جھاڑکھنڈ کے طلبا کے معاملے پر ایسا کیوں نہیں کیا۔ شتروگھن سنہا نے اس تاثر کو مسترد کرتے ہوئے بتایا کہ سوناکشی نے چند روز قبل جھاڑکھنڈ کے طلبا کی حمایت بھی کی تھی۔

اپنی بیٹی کے سیاسی خیالات کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ بعض معاملات میں سوناکشی کے نظریات ان سے بھی زیادہ مضبوط اور دوٹوک ہیں۔ تاہم جب ان سے سوناکشی کے مستقبل میں سیاست میں آنے کے امکانات کے بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے کہا کہ وہ اس بارے میں کچھ نہیں کہہ سکتے۔

شتروگھن سنہا نے کہا کہ ماضی میں وہ اپنی بیٹی سے اس حوالے سے سوال کیا کرتے تھے، تاہم اب وہ صرف اتنا کہہ سکتے ہیں کہ سوناکشی ان کے لیے ایک قابلِ فخر بیٹی ہیں۔

’سوناکشی کے خلاف ٹرولنگ پیسے دے کر کرائی جاتی ہے‘

شتروگھن سنہا نے بیٹی کے خلاف سوشل میڈیا ٹرولنگ کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا۔ ان کا دعویٰ تھا کہ یہ ٹرولنگ ازخود نہیں ہوتی بلکہ بعض افراد کو باقاعدہ معاوضہ دے کر سوناکشی کو نشانہ بنانے کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سوناکشی کے خلاف شور مچانے اور انہیں ٹرول کرنے والے متعدد افراد مبینہ طور پر ’پیڈ ٹرولز‘ ہیں۔ شتروگھن سنہا نے الزام عائد کیا کہ بی جے پی کا آئی ٹی سیل اس سرگرمی میں ملوث ہے۔

سینئر اداکار کے مطابق سوناکشی نے ان لوگوں کو نظرانداز کرکے درست فیصلہ کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کی بیٹی خود بھی کہہ چکی ہے کہ وہ ٹرولز کو اہمیت نہیں دیتیں۔

یہ پہلا موقع نہیں جب سوناکشی سنہا سوشل میڈیا تنقید کی زد میں آئی ہوں۔ ظہیر اقبال سے شادی کے بعد بھی اداکارہ کو آن لائن شدید مخالفت اور تبصروں کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

شتروگھن سنہا نے حالیہ احتجاج کے دوران سماجی کارکن سونم وانگچک کے معاملے کا بھی ذکر کیا۔ ان کے مطابق جب سونم وانگچک کو زبردستی جنتر منتر سے ہٹایا گیا تو سوناکشی نے اس واقعے کی مذمت کی تھی اور ایک ویڈیو بھی جاری کی تھی۔

سوناکشی نے اس ویڈیو میں کہا تھا کہ سونم وانگچک کے ساتھ پیش آنے والا واقعہ درست نہیں تھا۔ انہوں نے ان کی خیریت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ وانگچک کی اہلیہ بھی ان کے ساتھ ہیں اور وہ مضبوط ہیں، جبکہ گزشتہ کئی دنوں سے وہ انہیں اور ان کے ساتھ کھڑے ہزاروں افراد کو دیکھ رہی تھیں۔

Load Next Story