لاہور پولیس کا کرایہ دار خاتون کا ریپ کرنے والے مالک مکان کے خلاف مقدمہ درج کرنے سے انکار
فوٹو: فائل
پنجاب کے ضلع چونیا کے علاقے الہ آباد میں میر کوٹ تھانہ سٹی کی حدود میں مبینہ طور پر امیر زادے آفتاب نے اپنی کرایہ دار نسرین بی بی کو زنا بالجبر کا نشانہ بنا ڈالا جس کا مقدمہ درج کرلیا گیا۔
مدعیہ نسرین طارق کے مطابق سٹی پولیس کو 3 روز گزر گئے، نہ میڈیکل کروایا گیا اور نہ ملزم آفتاب کو گرفتار کیا گیا۔
مدعیہ کے مطابق ملزم آفتاب رات کو دیوار پھلانگ کر گھر آیا، منہ پر ٹیپ لگا کر باندھ دیا اور زنا کیا۔ مدعیہ کے شوہر طارق نے الزام عائد کیا کہ ملزم آفتاب بااثر ہے، اس نے پولیس کو لاکھوں روپے دیے ہیں جبکہ انہیں بھی 50 ہزار روپے دینے کی کوشش کی گئی جو انہوں نے نہیں لیے۔
مدعیہ کے شوہر طارق کے مطابق تفتیشی کے ساتھ ڈی ایس پی چونیاں ملک ظفر کے پاس پہنچے تو ان کی بیوی کو کہا گیا کہ تم پیشہ ور عورت ہو، لڑکا تو اتنا خوبصورت ہے۔ مدعیہ نے الزام عائد کیا کہ ڈی ایس پی چونیاں ملک ظفر نے دفتر سے دھکے دے کر نکلوایا کہ تم پیشہ ور اور کوجی لڑکی ہو۔
متاثرین نے وزیر اعلیٰ پنجاب، آئی جی پنجاب، آر پی او شیخوپورہ ریجن اور ڈی پی او قصور سے انصاف فراہم کرنے کی اپیل کی ہے۔ مدعیہ کے شوہر نے مطالبہ کیا کہ ان کی بیوی کا فوری میڈیکل کروایا جائے، ملزم اور اس کے ساتھی جان سے مارنے کی دھمکیاں دے رہے ہیں۔
ایس ایچ او صابر چھینہ کے مطابق مقدمہ نمبر 843/26 درج ہوچکا ہے، ملزم فرار ہے جبکہ باقی کارروائی جاری ہے۔