میر پور خاص میں سگ گزیدگی کا شکار بچہ تشویشناک حالت میں کراچی منتقل

بچے کو جناح اسپتال میں ابتدائی طبی امداد دینے کے بعد داخل کرلیا گیا، ماہرین کی زیرنگرانی علاج جاری

سندھ کے ضلع میرپور خاص میں کتے کے کاٹنے سے متاثر ہونے والے 11 سالہ بچے کو تشویشناک حالت میں کراچی کے جناح اسپتال منتقل کردیا گیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق میرپور خاص کے رہائشی 11 سالہ بچے کو ریبیز انسیفلائٹس کا شبے میں تشویشناک حالت میں جناح اسپتال منتقل کیا گیا۔

لواحقین کے مطابق بچے کو 4 ماہ قبل کتے نے کاٹا تھا، جس کے بعد ریبیرز سے بچاؤ کی ویکسین کا کورس مکمل کیا گیا تاہم بچے کی طبیعت سنبھل نہیں سکی۔

اہل خانہ کے مطابق بچے کی دو روز سے طبیعت خراب تھی جس کو گزشتہ روز اسپتال لایا گیا،  2 سے 3 روز سے بخار جبکہ ایک روز سے کھانے پینے میں دشواری تھی۔

اسپتال انتطامیہ کے مطابق جے پی ایم سی ایمرجنسی میں بچے کو ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی، جس کے بعد علامات کے پیش نظر نیورولوجی کے ڈاکٹرز نے معائنہ کیا اور ریبیز کا شبہ ظاہر کیا۔

انتظامیہ کے مطابق بچے کا ایف جی او وارڈ میں نیورو لوجی ٹیم کی نگرانی میں علاج جاری ہے۔

واضح رہے کہ سندھ میں رواں سال کے دوران اب تک ریبیز سے 17 افراد جابحق ہوچکے جبکہ 30 ہزار سے زائد سگ گزیدگی کا شکار ہوچکے ہیں۔

 

Load Next Story