آسٹریلوی آل راؤنڈر ایلیس پیری نے پاکستانی کپتان فاطمہ ثنا کو مستقبل کی اسٹار قرار دے دیا
آسٹریلوی آل راؤنڈر ایلیس پیری نے پاکستان ویمنز ٹیم کی کپتان فاطمہ ثنا کی شاندار کارکردگی کو سراہتے ہوئے انہیں مستقبل کی اسٹار قرار دے دیا۔
دی ہنڈریڈ میں برمنگھم فینکس کی جانب سے فاطمہ ثنا کے ساتھ کھیلنے والی ایلیس پیری نے کہا کہ پاکستانی کپتان کی آل راؤنڈ کارکردگی کو قریب سے دیکھنا انتہائی شاندار تجربہ تھا، انہوں نے گیند کے ساتھ ساتھ بیٹنگ میں بھی بہترین کھیل پیش کیا۔
ایلیس پیری نے کہا کہ فاطمہ ثنا میں بہت صلاحیت ہے اور ان کے سامنے ایک طویل بین الاقوامی کیریئر موجود ہے، 25 سالہ فاطمہ پر اس وقت بڑی ذمہ داریاں ہیں، تاہم وہ مستقبل میں بین الاقوامی کرکٹ کی ایک بہت اچھی کھلاڑی ثابت ہوں گی۔
فاطمہ ثنا طویل عرصے سے ایلیس پیری کو اپنا بچپن کا ہیرو قرار دیتی رہی ہیں۔ 2023 میں پہلی ملاقات کے موقع پر وہ پیری سے بات کرنے میں بھی ہچکچاہٹ کا شکار رہی تھیں، تاہم رواں سال وہ دی ہنڈریڈ میں منتخب ہونے والی پہلی پاکستانی خاتون کرکٹر بن گئیں۔
برمنگھم فینکس کے آخری لیگ میچ میں دونوں کھلاڑیوں نے ایک ساتھ بیٹنگ بھی کی۔ ایجبسٹن میں ایم آئی لندن کے خلاف میچ میں ایلیس پیری کی ناقابل شکست نصف سنچری اور فاطمہ ثنا کے ساتھ پانچویں وکٹ کی شراکت نے فینکس کو کامیابی دلانے میں اہم کردار ادا کیا۔