چینی کی برآمد کیلئے بین الاقوامی ٹینڈرز طلب کرنے کی منظوری دے دی گئی

فیصلہ کیا گیا کہ بین الاقوامی ٹینڈر کا عمل پی پی آر اے رولز 2004 کے تحت سختی سے مکمل کیا جائے گا

فوٹو: فائل

کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی(ای سی سی)نے 108 ہزار میٹرک ٹن چینی کی برآمد کے لیے بین الاقوامی ٹینڈر طلب کرنے کی اصولی منظوری دے دی اور فیصلہ کیا گیا کہ یہ عمل پی پی آر اے رولز 2004 کے تحت سختی سے مکمل کیا جائے گا۔

وزارت خزانہ میں اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کا اجلاس وفاقی وزیر خزانہ و محصولات محمد اورنگزیب کی زیر صدارت ہوا، جس میں وفاقی وزیر قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین، وفاقی وزیر سرمایہ کاری قیصر احمد شیخ، وزیراعظم کے مشیر برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان کے علاوہ متعلقہ وزارتوں اور ڈویژنز کے وفاقی سیکریٹریز اور سینئر حکام نے شرکت کی۔

اعلامیے کے مطابق اجلاس میں 108 ہزار میٹرک ٹن چینی کی برآمد کے لیے بین الاقوامی ٹینڈر طلب کرنے کی اجازت دینے کی سمری پر غور کیا گیا اور وزارت قومی غذائی تحفظ و تحقیق کی جانب سے پیش کی گئی سمری کا جائزہ لیا گیا۔

وزارت خزانہ نے بتایا کہ سمری میں ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان (ٹی سی پی) کے پاس موجود 108 ہزار میٹرک ٹن چینی کی برآمد کے لیے بین الاقوامی ٹینڈر طلب کرنے کی اجازت مانگی گئی تھی یہ چینی گزشتہ سال شوگر سے متعلق کابینہ کی منظوری سے قائم اسٹیئرنگ کمیٹی کی سفارش پر درآمد کی گئی اور 3 لاکھ میٹرک ٹن چینی کے باقی ماندہ اسٹاک کا حصہ ہے۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ بین الاقوامی ٹینڈر کا عمل پی پی آر اے رولز 2004 کے تحت سختی سے مکمل کیا جائے گا۔

Load Next Story