کولکتہ؛ مرزا غالب روڈ پر واقع ہوٹل میں ہولناک آتشزدگی؛ 9 افراد جان سے گئے
ہلاک ہونے والے بنگلادیشی کلکتہ علاج کے غرض سے آئے تھے اور ہوٹل میں مقیم تھے
بھارتی شہر کولکتہ کے ایک ہوٹل میں رات گئے اچانک آگ بھڑک اٹھی جس کے نتیجے میں ایک بچے سمیت 9 افراد ہلاک جبکہ کم از کم 6 زخمی ہوگئے۔
پولیس کے مطابق واقعہ رات تقریباً 2 بج کر 50 منٹ پر پیش آیا جب ہوٹل کی دوسری منزل سے آگ کے شعلے بلند ہونے لگے۔ اطلاع ملنے پر امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچیں اور عمارت میں موجود تقریباً 30 افراد کو بحفاظت باہر نکالا گیا۔
بھارتی حکام کا کہنا ہے کہ جاں بحق افراد میں بنگلادیش کے 5 شہری بھی شامل ہیں۔ جو علاج کی غرض سے کولکتہ آئے تھے اور اس ہوٹل میں مقیم تھے۔
ریسکیو کارروائی کے دوران 9 افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہوئی جن میں ایک بنگلادیشی صحافی، ان کی ہلیہ اور معصوم بیٹا اور دو دیگر بھی شامل ہے۔ زخمیوں کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا۔
فائر بریگیڈ نے تقریباً ایک گھنٹے کی کوشش کے بعد آگ پر قابو پالیا۔ ابتدائی تحقیقات میں آتشزدگی کی ممکنہ وجہ بجلی کا شارٹ سرکٹ بتائی جارہی ہے تاہم واقعے کی حتمی وجہ جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔
واضح رہے کہ بھارت میں عمارتوں کی تعمیر میں سیفٹی اقدامات نہیں کیے جاتے اور نہ ہی کسی ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے لیے منصوبہ بندی کی جاتی ہے ان شدید نقائص کی وجہ سے ایسے واقعات عام ہیں۔