بحرین؛ رہائشی عمارت میں خوفناک آتشزدگی میں ماں اور 3 بچے جاں بحق
بحرین کی رہائشی عمارت میں آگ بھڑک اُٹھی
بحرین کے شہر رملی ہاؤسنگ میں ایک رہائشی عمارت میں خوفناک آتشزدگی کے نتیجے میں 27 سالہ خاتون اور اس کے تین کم سن بچے جاں بحق ہوگئے۔
عرب میڈیا کے مطابق بحرین کی وزارت داخلہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ آتشزدگی ایک کثیر المنزلہ عمارت کے فلیٹ میں ہوئی۔
جاں بحق بچوں کی عمریں پانچ، تین اور ایک سال تھیں جب کہ ماں کی عمر 27 سال تھی۔ بچوں کا والد گھر سے باہر تھا اور لاشیں دیکھ کر بے ہوش ہوگیا جسے اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
بحرینی حکام کا کہنا ہے کہ فائر اینڈ ریسکیو ٹیموں کو اطلاع ملتے ہی جائے وقوعہ پر روانہ کیا گیا جہاں اہلکاروں نے آگ پر قابو پانے کے ساتھ عمارت کو مزید نقصان سے بچانے کے لیے کولنگ آپریشن بھی کیا تاکہ دوبارہ آگ بھڑکنے کا امکان ختم کیا جاسکے۔
امدادی اہلکاروں نے بتایا کہ ابتدا میں پانچ سالہ بچے کی نبض میں معمولی حرکت محسوس ہوئی تھی تاہم اُسے بچایا نہ جاسکا۔ باقی دونوں بچے اور ان کی والدہ پہلے ہی دم توڑ چکے تھے۔
انھوں نے مزید بتایا کہ عمارت کے دیگر مکینوں کو بھی بحفاظت باہر نکال لیا گیا جبکہ متاثرہ رہائشیوں کے لیے عارضی رہائش کا انتظام کیا گیا۔
بحرین کے فرمانروا شاہ حمد بن عیسیٰ آل خلیفہ نے بچوں کے والد حسن عبدالعال العطیفی سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے اہل خانہ کے لیے صبر کی دعا کی۔
حکام نے آتشزدگی کی حتمی وجہ فوری طور پر نہیں بتائی تاہم شہریوں کو خصوصاً موسم گرما میں بجلی کے کنکشن اور برقی آلات کی حفاظت یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
متعلقہ اداروں نے عمارتوں کے مالکان اور انتظامیہ پر زور دیا ہے کہ فائر الارم، آگ بجھانے کے آلات اور دیگر حفاظتی نظام کی باقاعدگی سے دیکھ بھال کی جائے۔
والدین کو بھی ہدایت کی گئی ہے کہ بچوں کو گھر میں اکیلا نہ چھوڑیں اور انہیں بجلی کے آلات، چولہوں اور اوون سے دور رکھیں۔