حیدرآباد، سندھ کے 14 اضلاع میں میتھین کے نام پر فلیئر گیس کی فروخت و استعمال کا انکشاف

ایف بی آر ان لینڈ ریونیو انفورسمنٹ ٹیم نے چھاپوں کے دوران فلیئر گیس سے بھرے سلنڈرز کے کنٹینرز بھی تحویل میں لیے

فوٹو: فائل

فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر) کی ان لینڈ ریونیو انفورسمنٹ ٹیم نے حیدرآباد اور سندھ کے 14 اضلاع میں 70 سے زائد سی این جی اسٹیشنز پر چھاپے مار کر اہم ریکارڈ تحویل میں لے لیا ہے اور کارروائی کے دوران سی این جی اسٹیشنز پر میتھین گیس کے نام پر فلیئر گیس فروخت اور استعمال کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔

چیف کمشنر ان لینڈ ریونیو سجاد اکبر خان کے مطابق چھاپوں کے دوران فلیئر گیس سے بھرے سلنڈرز کے کنٹینرز بھی تحویل میں لیے گئے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ فلیئر گیس کو مختلف اسٹیشنز پر سی این جی کے طور پر استعمال کیا جا رہا تھا حالانکہ فلیئر گیس صرف پاور جنریشن میں کام آتی ہے۔

چیف کمشنر ان لینڈ ریونیو نے بتایا کہ آئل اینڈ گیس ریگیولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے سی این جی کے طور پر فلیئر گیس کے استعمال پر پابندی عائد کر رکھی ہے جبکہ فلیئر گیس کی خرید و فروخت کا کوئی انوائس ریکارڈ بھی موجود نہیں ہے۔

سجاد اکبر خان کا کہنا تھا کہ ابتدائی تفتیش میں ٹیکس چوری بھی سامنے آئی ہے، جس کا تخمینہ کیا جا رہا ہے۔

Load Next Story