پاک-امریکا براہ راست فضائی رابطہ، قونصل جنرل کی حکام سے اہم ملاقات
فوٹو: ایکسپریس نیوز
امریکا اور پاکستان کے درمیان براہ راست فضائی رابطے کے قیام کے حوالے سے گفتگو کے لیے کراچی میں تعینات امریکی قونصل جنرل نے سول ایوی ایشن ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا اور ملاقات میں پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔
کراچی میں تعینات امریکی قونصل جنرل چارلس گڈمین نے لوکاس کیلٹرائیڈر، فہد زیدی اور تشفین کے ہمراہ پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ہیڈ کوارٹرز کرا چی کا دورہ کیا اور ڈی جی سی اے اے نادر شفیع ڈار اور ایوی ایشن سیفٹی و سیکیورٹی کے اعلیٰ حکام سے ملاقات کی جہاں ڈی جی سی اے اے کے ساتھ ڈائریکٹر ایوی ایشن سیکیورٹی اینڈ فیسیلی ٹیشن ایئر کموڈور (ریٹائرڈ) شاہد قادر، ڈائریکٹر فلائٹ اسٹینڈرڈز مسٹر قیصر یار، ڈائریکٹر پی ای ایل ریاض چشتی اور دیگر اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔
ڈی جی سی اے اے نادر شفیع ڈارنے امریکی وفد کو اس دیرینہ مقصد کے حصول کے لیے ہونے والی پیش رفت سے آگاہ کیا اور ائیرکموڈور (ریٹائرڈ) شاہد قادر نے وفد کو پاکستان کے ایوی ایشن سیکیورٹی فریم ورک کے بارے میں بریفنگ دی۔
انہوں نے بین الاقوامی اور امریکی ٹی ایس اے معیارات کے ساتھ اس کی ہم آہنگی کو اجاگر کیا، ڈائریکٹر فلائٹ اسٹینڈرڈز قیصر یار نے وفد کو ایوی ایشن سیفٹی کے اقدامات اور قابل اطلاق ایف اے اے معیارات کے ساتھ ان کی مطابقت کے بارے میں آگاہ کیا۔
امریکی قونصل جنرل نے ایوی ایشن سیفٹی اور سیکیورٹی کے بین الاقوامی معیارات کو برقرار رکھنے کے لیے پی سی اے اے کی کوششوں کو سراہا اور اس اقدام کے لیے مشن کی مکمل حمایت کا یقین دلایا۔
انہوں نے زور دیا کہ براہ راست فضائی رابطہ پاکستان اور امریکا کے دیرینہ تعلقات کو مزید مستحکم کرے گا اور باہمی تعاون کو فروغ دے گا۔
اس موقع پر دونوں فریقین نے سول ایوی ایشن کے شعبے میں مسلسل رابطے اور تعاون کے عزم کا اعادہ کیا اور امریکی قونصل خانے نے پاکستان اور امریکا کے درمیان براہ راست پروازوں کے سنگ میل کو عبور کرنے کے لیے پی سی اے اے کی کوششوں کی حمایت کا اظہار کیا۔
ڈی جی سی اے اے نادر شفیع ڈار نے ملاقات کے اختتام پر امریکی قونصل جنرل کو سول ایوی ایشن کی یادگاری شیلڈ پیش کی۔