ایران کا حملہ؛ متحدہ عرب امارات نے اپنی کئی ڈومیسٹک اور انٹرنیشنل پروازیں معطل کردیں

متحدہ عرب امارات سے کویت اور بحرین کے لیے پروازیں معطل یا منسوخ کردی گئیں

متحدہ عرب امارات نے متعدد پروازیں منسوخ کردیں

خطے میں بڑھتی کشیدگی کے باعث متحدہ عرب امارات سے خلیجی ممالک کے لیے متعدد پروازیں منسوخ اور تاخیر کا شکار ہوگئی ہیں جبکہ ایئرلائنز نے مسافروں کو روانگی سے قبل پرواز کا تازہ ترین اسٹیٹس چیک کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق امارات، اتحاد، ایئر عربیہ اور فلائی دبئی نے بحرین اور کویت کے لیے متعدد پروازیں منسوخ کرنے کا اعلان کیا ہے۔

اتحاد ایئرویز نے ابوظبی سے بحرین کی کئی پروازیں 21 اگست تک منسوخ کردی ہیں، جبکہ کچھ سروسز بدستور شیڈول کے مطابق چل رہی ہیں۔

امارات نے دبئی سے بحرین کی دو پروازیں منسوخ کی ہیں جبکہ ایئر عربیہ نے شارجہ اور ابوظبی سے کویت اور بحرین کی متعدد پروازیں منسوخ کردی ہیں۔

اسی طرح فلائی دبئی کی کویت، بحرین اور سعودی عرب کے لیے پروازیں جاری ہیں تاہم دبئی ایئرپورٹ پر بعض پروازیں تاخیر کا شکار ہیں۔

علاقائی کشیدگی کے باعث متعدد بین الاقوامی ایئرلائنز نے بھی خلیج اور مشرق وسطیٰ کے لیے پروازیں معطل یا محدود کر رکھی ہیں جبکہ بعض کمپنیوں نے ایران، عراق اور اسرائیل کی فضائی حدود سے گریز شروع کردیا ہے۔

ان ایئرلائنز مسافروں کو مشورہ دیا ہے کہ تیزی سے تبدیل ہوتی صورت حال کے پیش نظر پرواز کے لیے ایئرپورٹ روانہ ہونے سے پہلے اپنی ایئرلائن اور ایئرپورٹ کی تازہ ہدایات ضرور دیکھیں۔

علاوہ ازیں مسافروں کو وقت سے پہلے ایئرپورٹ پہنچنے اور ممکنہ تاخیر یا منسوخی کے لیے تیار رہنے کا مشورہ بھی دیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ متحدہ عرب امارات کا دعویٰ تھا کہ ایران کے داغے گئے دو بیلسٹک میزائل سمندر میں گرے جس کے بعد ایران کے ساتھ تجارتی تعلقات اور مالی لین دین معطل کردیے گئے۔

Load Next Story