کینیا میں ہیلی کاپٹر گر کر تباہ؛ میڈیا ٹائیکون سمیت 7 افراد ہلاک؛ 5 امریکی شامل ہیں
کینیا کے شمالی علاقے سامبورو کاؤنٹی میں سیاحوں کو لے جانے والا ہیلی کاپٹر حادثے کا شکار ہوگیا جس کے نتیجے میں طیارے میں سوار تمام 7 افراد ہلاک ہوگئے.
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق کینیا کی سول ایوی ایشن اتھارٹی نے بتایا کہ ہیلی کاپٹر بدھ کی صبح تقریباً 9 بج کر 13 منٹ پر لوئیسابا کنزروینسی سے ایواسو نیرو کے علاقے کی جانب پرواز کے دوران حادثے کا شکار ہوا۔
حادثہ مشہور سیاحتی مقام ماؤنٹ اولو لوکوی کے قریب پیش آیا۔ ہیلی کاپٹر میں 6 سیاح اور پائلٹ سوار تھے۔ ریسکیو ٹیمیں، کینیا ریڈ کراس اور دیگر امدادی ادارے جائے حادثہ پر پہنچے تاہم کوئی شخص زندہ نہ بچ سکا۔
امریکی محکمہ خارجہ نے تصدیق کی کہ حادثے میں 5 امریکی شہری بھی ہلاک ہوئے جن میں براڈ کاسٹنگ سے منسلک ایک اہم شخصیت 55 سالہ جوزے البرٹو سواریز بھی شامل ہیں۔
وہ ٹیلی مونڈو کے اہم انتظامی عہدیدار اور فلوریڈا میں اس کے متعدد اسٹیشنز کے صدر اور جنرل منیجر تھے۔ ان کا تعلق ٹیلی ویژن براڈکاسٹنگ سے تھا اور انھیں صحافتی و میڈیا صنعت میں کئی اعزازات بھی مل چکے تھے۔
لگژری سفاری ٹور آپریٹر ’اینڈ بیونڈ‘ نے بھی تصدیق کی کہ حادثے کا شکار ہیلی کاپٹر ان کے مہمانوں کو لے کر جارہا تھا۔ حادثے کی وجہ تاحال معلوم نہیں ہوسکی اور متعلقہ حکام تحقیقات کررہے ہیں۔
کینیا سول ایوی ایشن اتھارٹی نے بھی واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔ ہیلی کاپٹر سامبورو کے دشوار گزار علاقے میں گرا جہاں امدادی کارروائی بھی مشکل حالات میں کی گئی۔
واضح رہے کہ کینیا دنیا بھر کے سیاحوں کے لیے سفاری ٹورز کے حوالے سے معروف ہے اور جنگلی حیات کے محفوظ علاقوں میں سیاحوں کو فضائی سفر کی سہولت بھی فراہم کی جاتی ہے۔