یوٹیوب کا ویڈیوز کے ویوز شمار کرنے کے طریقہ کار میں اہم تبدیلی کا اعلان

پلیٹ فارم پر تبدیلی کا اطلاق 24 اگست سے ہو جائے گا

یوٹیوب نے ویڈیوز کے ویوز شمار کرنے کے طریقہ کار میں اہم تبدیلی کا اعلان کردیا ہے، جس کے بعد کریئیٹرز کو اپنی ویڈیوز پر پہلے کے مقابلے میں زیادہ ویوز نظر آنے کا امکان ہے۔

نئے نظام کے تحت 24 اگست سے یوٹیوب پر کسی ویڈیو کا ویو اس وقت شمار ہوجائے گا جب ویڈیو چلنا شروع ہوگی۔ یہ وہی طریقہ ہے جو گزشتہ سال یوٹیوب شارٹس کے لیے متعارف کرایا گیا تھا جبکہ ٹک ٹاک اور انسٹاگرام جیسے دیگر پلیٹ فارمز بھی اسی نوعیت کا طریقہ استعمال کرتے ہیں۔

یوٹیوب کے مطابق کریئیٹرز کی جانب سے ایک ایسا یکساں نظام متعارف کرانے کی خواہش ظاہر کی گئی تھی جس سے ویوز کے مختلف پیمانوں سے پیدا ہونے والی الجھن ختم ہو اور ویڈیوز کی مجموعی رسائی کا زیادہ درست اندازہ لگایا جاسکے۔

اس تبدیلی سے قبل یوٹیوب پر طویل دورانیے کی ویڈیو کا ایک ویو شمار ہونے کے لیے صارف کا کم از کم 30 سیکنڈ تک ویڈیو دیکھنا ضروری تھا۔

تاہم، یوٹیوب نے واضح کیا ہے کہ ’انگیجڈ ویوز‘ کا موجودہ میٹرک ختم نہیں کیا جائے گا۔ کریئیٹرز یوٹیوب اینالیٹکس کے ایڈوانسڈ موڈ میں اس میٹرک کو بدستور دیکھ سکیں گے۔

نئے نظام کے نتیجے میں ویڈیو کے مجموعی ویوز بڑھ سکتے ہیں۔ البتہ، کریئیٹرز کے لیے ناظرین کی حقیقی دلچسپی اور دیکھنے کے دورانیے کا جائزہ لینے کے لیے دیگر اینالیٹکس میٹرکس بھی اہم رہیں گے۔

Load Next Story