راشد منہاس کی 55ویں برسی پر مسلح افواج کے سربراہان اور صدر مملکت کا خراج تحسین
پاک فضائیہ کے پائلٹ آفیسر راشد منہاس کی 55ویں برسی پر صدر مملکت آصف زرداری، مسلح افواج کے سربراہ نے خراج تحسین پیش کیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق مسلح افواج کے سربراہان فیلڈ مارشل عاصم منیر،نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف، ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے 55ویں برسی پر راشد منہاس کو عظیم قربانی اور شہادت پر خراج تحسین پیش کیا۔
مسلح افواج کے سربراہان نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ آج کے دن 1971 میں پائلٹ آفیسر راشد منہاس شہید نے غیر معمولی جرات کا مظاہرہ کیا اور غیر معمولی چیلنج کا سامنا کرتے ہوئے پاکستان کی خودمختاری اور عزت کے تحفظ کے لیے لازوال قربانی دی۔
آئی ایس پی آر کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ راشد منہاس شہید کا یہ بے لوث عمل مادر وطن کے دفاع کے لیے جرات، وفاداری اور عزم کی روشن مثال ہے۔ راشد منہاس شہید کی لازوال میراث قوم اور افواج کو فرض شناسی کی لازوال علامت کے طور پر متاثر کرتی رہے گی۔
اعلامیے میں ایک بار پھر اس عزم کا اعادہ کیا گیا ہے کہ عوام اور مسلح افواج پاکستان کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور قومی مفادات کے تحفظ کے لیے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔
دوسری جانب صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے پائلٹ آفیسر راشد منہاس شہید، نشانِ حیدر کی 55ویں برسی کے موقع پر مادرِ وطن کے لیے ان کی بے مثال قربانی کو بھرپور خراجِ عقیدت پیش کیا۔
صدر مملکت نے اپنے بیان میں کہا کہ پائلٹ آفیسر راشد منہاس شہید نے کم عمری میں وطن کی خاطر اپنی جان کا نذرانہ پیش کرکے جرات، فرض شناسی اور حب الوطنی کی ایسی مثال قائم کی جو ہمیشہ یاد رکھی جائے گی۔
اپنے بیان میں صدر زرداری نے کہا کہ پاکستان کے سب سے کم عمر نشانِ حیدر، راشد منہاس کی عظیم قربانی ہماری قومی تاریخ کا ایک روشن باب ہے، جو آنے والی نسلوں کو جرات، عزم اور وطن سے وفاداری کا پیغام دیتی ہے۔
ایوان صدر کی جانب سے جاری اعلامیے میں آصف علی زرداری نے کہا کہ قوم اپنے اس عظیم سپوت، دیگر شہداء اور ان کے اہلِ خانہ کی قربانیوں کو ہمیشہ قدر و احترام کی نگاہ سے دیکھتی ہے، وطن کے دفاع کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے ہمارے قومی ہیرو ہیں جن کی خدمات اور قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔