فیصل آباد؛ پرانی دشمنی پر خانہ بدوشوں کی جھگیوں پر فائرنگ، 8سالہ بچی سمیت 3خواتین جاں بحق
تھانہ ایئرپورٹ کے علاقے چک نمبر 250 عباس میں پرانی دشمنی پر خانہ بدوشوں کی جھگیوں پر فائرنگ سے 8 سالہ بچی اور 2 خواتین جاں بحق ہوگئیں۔
تفصیلات کے مطابق پرانی دشمنی پر 8 سے 10 مسلح افراد نے خانہ بدوشوں کی جھگیوں پر دھاوا بولا، خانہ بدوش خواتین کی جانب سے مزاحمت پر ملزمان نے فائرنگ کر دی۔
ملزمان کی جانب سے فائرنگ سے 55 سالہ زبیدہ بی بی، 35 سالہ عاصمہ اور 8 سالہ مسکان موقع پر جاں بحق ہوگئی جبکہ فائرنگ کے دوران 3 سالہ بچی بھی چہرے پر گولی لگنے سے زخمی ہوئی، طبی امداد کے لیے الائیڈ اسپتال فیصل آباد منتقل کر دیا گیا۔
حملہ آور ایک 15 سالہ لڑکے کو مبینہ طور پر اغوا کرکے ساتھ بھی لے گئے، ملزمان کو شبہ تھا کہ قصور میں پولیس مقابلے کے دوران ایک شخص کی ہلاکت کی مخبری خانہ بدوش افراد نے پولیس کو کی تھی۔
واقعے کے بعد پولیس نے لاشیں تحویل میں لے لیں اور ملزمان نے گرفتاری کے لیے کارروائی شروع کر دی۔
آئی جی پنجاب عبدالکریم نے تہرے قتل کی واردات کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او فیصل آباد سے رپورٹ طلب کر لی جبکہ سی پی او فیصل آباد کو فائرنگ میں ملوث ملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم دے دیا۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق سینیئر پولیس افسران اور فرانزک ٹیمیں موقع پر موجود ہیں جبکہ شواہد اکٹھے کر لیے۔ سی پی او فیصل آباد کے مطابق ملزمان کی گرفتاری کے لیے ٹیمیں تشکیل دے دیں، جلد گرفتار کر لیں گے۔