بھارت کیخلاف دوسرے ٹیسٹ سے قبل سری لنکا کو بڑا دھچکا، تین اہم کھلاڑی باہر
سری لنکا کو بھارت کے خلاف دوسرے ٹیسٹ سے قبل بڑا دھچکا لگا ہے۔
تفصیلات کے مطابق تجربہ کار بلے باز کوشال مینڈس اور دنیش چندیمل میچ سے باہر ہوگئے ہیں جبکہ پاتھم نسانکا کی شرکت بھی مشکوک ہے۔
دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرا ٹیسٹ اتوار سے کولمبو میں شروع ہوگا اور سری لنکا کو دو میچوں کی سیریز میں پہلے ہی 0-1 کے خسارے کا سامنا ہے۔
کوشال مینڈس لنکا پریمیئر لیگ کے ابتدائی مرحلے میں ہیمسٹرنگ انجری کا شکار ہونے کے بعد سے مسابقتی کرکٹ نہیں کھیل سکے۔
ان کی جگہ نیروشن ڈکویلا کو اسکواڈ میں شامل کیا گیا جنہوں نے پہلے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں 80 رنز بنائے تھے اس لیے ان کی ٹیم میں جگہ برقرار رہنے کا امکان ہے۔
دنیش چندیمل کو پہلے ٹیسٹ میں کنکشن کے باعث میدان سے باہر ہونا پڑا تھا۔
آئی سی سی کے قوانین کے تحت ایسے کھلاڑی سات دن تک اگلے میچ میں شرکت نہیں کرسکتے لہٰذا وہ دوسرے ٹیسٹ سے خود بخود باہر ہوگئے۔
ادھر پاتھم نسانکا جون میں کلائی کی سرجری کے بعد مکمل فٹنس حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں تاہم بیٹنگ کے دوران انہیں اب بھی تکلیف محسوس ہوتی ہے۔
سری لنکن کوچ گیری کرسٹن نے کہا کہ اہم کھلاڑیوں کی عدم دستیابی نوجوان کرکٹرز کے لیے اپنی صلاحیت ثابت کرنے کا اچھا موقع ہے۔