اکبر بگٹی کے پوتے کی گیس رائیلٹی کی درخواست منظور، او جی ڈی سی ایل کو 78 کروڑ ادائیگی کا حکم

سندھ ہائی کورٹ نے سنگل بینچ کا فیصلہ کالعدم قرار دے دیا

(فوٹو: فائل)

کراچی:

اکبر بگٹی کے پوتے کی گیس رائیلٹی کی درخواست منظور کرتے ہوئے عدالت نے او جی ڈی سی ایل کو 78 کروڑ ادائیگی کا حکم جاری کردیا۔

سندھ ہائیکورٹ کے آئینی بینچ نے بلوچستان کے سابق وزیر اعلیٰ نواب اکبر بگٹی مرحوم کے پوتے آل بگٹی کی گیس رائیلٹی کی درخواست منظور کرتے ہوئے سنگل بینچ کا فیصلہ کالعدم قرار دے دیا۔ عدالت نے 78 کروڑ سے زائد کی رائیلٹی جاری کرنے کا حکم بھی جاری کردیا۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ آئل اینڈ گیس ڈیولپمنٹ کمپنی لمیٹڈ نے 2016 سے رائیلٹی روک رکھی ہے۔ آل بگٹی نے 2011 سے 2016 کی رائیلٹی کے حصول کے لیے سندھ ہائیکورٹ سے رجوع کیا تھا۔

درخواست کے مطابق سنگل بینچ نے درخواست مسترد کرتے ہوئے نیا سکسیشن سرٹیفکیٹ فائل کرنے کی ہدایت کی تھی۔ وکیل محمد فاروق کے مطابق او جی ڈی سی ایل اور زونگ خان بگٹی کے درمیان گیس رائیلٹی کا معاہدہ تھا۔

درخواست کے مطابق نواب زونگ خان بگٹی کا 3 مارچ 1995 کو امریکی ریاست فلوریڈا میں انتقال ہوگیا تھا۔ وکیل محمد فاروق نے بتایا کہ او جی ڈی سی ایل 2011 تک رائیلٹی جاری کرتی رہی، تاہم رائیلٹی رکنے پر آل بگٹی نے عدالت سے رجوع کیا تھا۔

وکیل محمد فاروق کے مطابق آئینی عدالت نے 78 کروڑ 90 لاکھ 92 ہزار 99 روپے ادا کرنے کا حکم جاری کیا ہے۔

Load Next Story