امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم کا ملک گیر ہڑتال کا اعلان، پہیہ جام اور شٹر ڈاؤن بھی ہوگا
امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا ہے کہ 12 ربیع الاول کے اگلے ہفتے ملک بھر میں ہڑتال کی کال دیں گے، ہڑتال میں پہیہ جام اور شٹر ڈاؤن بھی ہوگا۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ ملک میں کئی طرح کی صورتحال جاری ہے، مہنگائی نے عوام کو بری طرح متاثر کر رکھا ہے اور ہر شعبے میں مشکلات کا سامنا ہے، جبکہ حکومت کا نظام عوام کو ڈیلیور نہیں کر رہا۔
انہوں نے کہا کہ پیٹرولیم لیوی ایک بھتہ ٹیکس ہے، ہر لیٹر پر 80 روپے ایسا ٹیکس ادا کرنا پڑتا ہے جس کا کوئی جواز نہیں۔ لیوی کا مقصد ریفائنریوں کو اپ گریڈ کرنا تھا، تاہم 8 ہزار ارب روپے سے زائد لیوی کے نام پر عوام سے جمع کیے گئے لیکن ریفائنریوں کی اپ گریڈیشن پر 100 ارب روپے بھی خرچ نہیں کیے گئے۔
حافظ نعیم الرحمٰن کا کہنا تھا کہ حکومت اگر پیچھے نہیں ہٹتی تو دھرنوں کو پورے ملک میں پھیلائیں گے۔ لیوی کا خاتمہ ہماری انا نہیں بلکہ عوام کا مسئلہ ہے، وزیراعظم 30 روپے نہیں بلکہ 130 روپے پیٹرول کی قیمت کم کریں۔
انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں احتجاجی کیمپ بھی لگائے جائیں گے، ہم قوم کے لیے ریلیف لینا چاہتے ہیں اور پوری قوم سے اپیل ہے کہ اس مسئلے میں ہمارا ساتھ دے۔
امیر جماعت اسلامی نے مزید کہا کہ ملک پر 98 ہزار ارب روپے کے قرضے ہوچکے ہیں، حکومت سود کے خاتمے کے لیے اپنے وعدے پورے کرے، سود کم ہونے سے قرض بھی کم ہوگا۔