پنجاب حکومت کی جانب سے صوبے میں بلدیاتی انتخابات دسمبر یا جنوری میں کرانے کی تجویز
الیکشن کمیشن آف پاکستان میں چیف الیکشن کمشنر جناب سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں صوبہ پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کی تاریخ مقرر کرنے سے متعلق اہم اجلاس ہوا۔اجلاس میں معزز ممبران الیکشن کمیشن جناب نثار احمد دُرانی ، جناب شاہ محمد جتوئی، جناب بابر حسن بھروانہ اور جناب جسٹس (ر) اکرام اللہ شریک ہوئے۔
ترجمان کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پنجاب گورنمنٹ کی طرف سےچار رکنی کابینہ کمیٹی جناب ذیشان رفیق منسٹر لوکل گورنمنٹ کی سربراہی میں شریک ہوئی جس میں سردار شیر علی گورچانی وزیر مائنز اینڈ منرل ، سید محمد عاشق حسین شاہ وزیر ایگریکلچر،رانا سکندر حیات وزیر ایجوکیشن شامل ہیں۔
میٹنگ میں چیف سیکرٹری پنجاب اور سپیشل سیکرٹری لوکل گورنمنٹ (LG & CD) بھی شریک ہوئے۔اس کے علاوہ سیکرٹری الیکشن کمیشن اور الیکشن کمیشن کے دیگر سینئرافسران نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔
چیف الیکشن کمشنر نے بلدیاتی حکومتوں کے قیام کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور کہا کہ آئین پاکستان کےآرٹیکل 140-A کے تحت بلدیاتی انتخابات کا انعقاد ایک آئینی تقاضہ ہے ۔ اور الیکشنز ایکٹ کی دفعہ 219(4) کے تحت بلدیاتی حکومتوں کی معیاد ختم ہونے کے 120 دن کے اندر الیکشن کمیشن بلدیاتی انتخابات کروانے کا پابند ہے۔
الیکشن کمیشن کو بریف کیا گیا کہ پنجا ب میں حلقہ بندی کا عمل مکمل ہوچکا ہے ۔ الیکشنز ایکٹ 2017 کی دفعہ (3)219اور پنجاب لوکل گورنمنٹ ایکٹ کی دفعہ 59کے تحت بلدیاتی انتخابات کی تاریخ کے اعلان کیلئے صوبائی حکومت سے مشاورت ضروری ہے۔
پنجاب مشاورتی کمیٹی کے کنوینئر جناب ذیشان رفیق منسٹر لوکل گورنمنٹ نے الیکشن کمیشن کو بریف کیا کہ چیف منسٹر پنجاب صوبہ پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کروانے کیلئے پرعزم ہیں اور انہوں نے اس کمیٹی کو مشاورت کا مکمل اختیار دیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ صوبائی حکومت نے بلدیاتی انتخابات کا پراسس شروع کرنا ہے۔ اور (Resources) کی مناسب فراہمی کیلئے بھی وقت درکار ہے۔
اس کے علاوہ بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے عمل میں ٹیچنگ سٹاف کی خدمات زیادہ درکا ر ہوتی ہیں۔ لہذا بلدیاتی انتخابات 15دسمبر 2026 سے 15جنوری 2027 کو کروانا زیادہ مناسب ہے ،کیونکہ اس دوران بچوں کے امتحانات بھی ہوچکے ہونگے۔ اور صوبہ میں دھند (Fog) کا مسئلہ بھی نہیں ہوگا۔
چیف سیکرٹری نے الیکشن کمیشن کو بریف کیا کہ صوبائی حکومت مذکورہ بالا تواریخ کے دوران صوبہ میں مرحلہ وار انتخابات کروانا چاہتی ہے تاکہ ان انتخابات کے لیے مناسب سیکورٹی کی فراہمی اور بہتر انتظاما ت کیئےجاسکیں۔
الیکشن کمیشن نے صوبائی حکومت کی 15دسمبر 2026سے 15جنوری 2027 کے دوران بلدیاتی انتخابات کروانے کی تجویز سے اصولی طور پر اتفاق کیا اور کہا کہ اگر صوبائی حکومت مرحلہ وار ( in Phases) بلدیاتی انتخابات کروانا چاہتی ہے تو اس سلسلے میں جلد ازجلد اپنا پلان الیکشن کمیشن کے سامنے مشاورت کیلئے پیش کرے۔
چیف الیکشن کمشنر نے پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے سلسلے میں پنجاب کابینہ کی کمیٹی کی تجاویز کو سراہا اور کہا کہ اس سے ایک آئینی ذمہ داری کو مکمل کرنے کی راہ ہموار ہوگی۔