آئی سی سی کا بڑا فیصلہ، قذافی اسٹیڈیم کے ڈی میرٹ پوائنٹس ختم کردیے

کینیڈا کے میپل لیف کرکٹ گراؤنڈ کی 8 جون کی پچ کے خلاف ایک ڈی میرٹ پوائنٹ بھی واپس لے لیا گیا

آئی سی سی نے جون میں کھیلے گئے میچز کی پچز سے متعلق پاکستان اور کینیڈا کی جانب سے دائر اپیلوں پر فیصلہ سنا دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق اپیلز پینل نے میچ فوٹیج، ریفریز کی رپورٹس اور کپتانوں کے مؤقف کا جائزہ لینے کے بعد قذافی اسٹیڈیم لاہور کے ڈی میرٹ پوائنٹ کو ختم کردیا۔

پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان 4 جون کو کھیلے گئے تیسرے ون ڈے کی پچ کو ’غیر تسلی بخش‘ قرار دیا گیا تھا تاہم اپیلز پینل کے مطابق سطح پر غیر معمولی ناہمواری یا اضافی اسپن موجود نہیں تھی۔

فیصلے کے بعد قذافی اسٹیڈیم کے ریکارڈ پر اب کوئی ڈی میرٹ پوائنٹ نہیں رہا۔

دوسری جانب کینیڈا کے میپل لیف کرکٹ گراؤنڈ کی 8 جون کی پچ کے خلاف ایک ڈی میرٹ پوائنٹ بھی واپس لے لیا گیا۔

امریکا اور نیدرلینڈز کے درمیان اس میچ کی پچ کو پہلے ’غیر تسلی بخش‘ قرار دیا گیا تھا لیکن پینل نے اسے معیار کے مطابق قرار دیا۔

تاہم 16 جون کو کینیڈا اور نیدرلینڈز کے میچ کی ’ناقابلِ کھیل‘ قرار دی گئی پچ پر عائد تین ڈی میرٹ پوائنٹس برقرار رہیں گے۔

آئی سی سی کے مطابق اس پچ کی صورتحال خطرناک تھی۔

Load Next Story