اسلام آباد؛ سائبر کرائم میں غیر ملکیوں کی گرفتاری کی عمارت ہی سب جیل قرار
این سی سی آئی اے کے چھاپے کے دوران بین الاقوامی سائبر کریمنلز کو حراست میں رکھنے کے معاملے پر ایک اور سب جیل قائم کردی گئی۔
چھاپے کے دوران آن لائن فراڈ میں ملوث غیر ملکیوں کو اسی عمارت میں رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جہاں سے انہیں گرفتار کیا گیا تھا۔
چیف کمشنر اسلام آباد نے سیکٹر آئی ٹین میں سب جیل کو سب لاک اپ قرار دے دیا ہے۔ این سی سی آئی اے کی درخواست پر اسلام آباد میں سب جیل کے قیام کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا، جس کے مطابق این سی سی آئی اے کی جانب سے گرفتار کیے گئے افراد کو اسی سب جیل میں رکھا جائے گا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق سب جیل کی سکیورٹی اور زیر حراست افراد کی ذمہ داری ڈائریکٹر جنرل این سی سی آئی اے کی ہوگی۔ سب جیل میں ریکارڈ کی دیکھ بھال کے لیے این سی سی آئی اے کا بی پی ایس 17 سے کم نہ ہونے والا افسر مقرر کیا جائے گا۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ سب جیل کا قیام فوری طور پر نافذ العمل ہوگا اور آئندہ احکامات تک برقرار رہے گا۔ سب جیل کے قیام کی اطلاع وزارت داخلہ، این سی سی آئی اے، آئی جی اسلام آباد اور ضلعی انتظامیہ کو بھی دے دی گئی ہے۔